پی سی بی انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ دنیا کا سب سے بڑا اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ ہے : ندیم عمر
اسامہ شرون نیازی نے ملک بھر میں کرکٹ کا جال بچھا دیا ہے، اسکول کرکٹ سے گراس روٹ لیول پر نئے ٹیلنٹ کو مواقع ملیں گے : صدر آر سی اے کراچی

پی سی بی انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ دنیا کا سب سے بڑا اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ ہے : ندیم عمر
اسامہ شرون نیازی نے ملک بھر میں کرکٹ کا جال بچھا دیا ہے،
اسکول کرکٹ سے گراس روٹ لیول پر نئے ٹیلنٹ کو مواقع ملیں گے : صدر آر سی اے کراچی
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) صدر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی ندیم عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ ٹیموں کی شرکت کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جس کی مثال دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں ملتی۔
اپنے ایک بیان میں ندیم عمر نے کہا کہ ملک بھر میں اسکول کرکٹ کو منظم اور وسیع پیمانے پر فروغ دینا پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایک انتہائی اہم اور قابلِ تحسین کاوش ہے۔
اس کا تمام تر کریڈٹ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور خصوصاً گراس روٹ لیول پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
ندیم عمر نے خاص طور پر ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شرون نیازی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک بھر میں کرکٹ کا ایسا مضبوط نیٹ ورک قائم کیا ہے جس کے باعث آج پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں میں ہر سطح پر کرکٹ کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ان کی انتھک محنت اور مربوط حکمتِ عملی کے مثبت نتائج واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول کرکٹ کسی بھی ملک میں کرکٹ کے مستقبل کی بنیاد ہوتی ہے۔
پی سی بی انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے ذریعے ملک کے مختلف اسکولوں سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔
یہی نوجوان مستقبل میں ڈومیسٹک اور قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے شاندار کھیل سے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
صدر آر سی اے کراچی نے مزید کہا کہ اسامہ شرون نیازی ملک میں کرکٹ کے فروغ، خصوصاً نوجوانوں اور گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے مواقع پیدا کرنے کے لیے جس جذبے اور محنت سے کام کر رہے ہیں وہ قابلِ ستائش ہے۔
ندیم عمر نے یقین دلایا کہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی ملک میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش و تربیت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہر سطح پر بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط اسکول کرکٹ، کلب کرکٹ اور گراس روٹ کرکٹ ہی پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور آر سی اے کراچی اس مقصد کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔



