
بی بی ایل کے دوسرے میچ میں بھی بابر اعظم کی کارکردگی سے شائقین مایوسی کا شکار
گیولنگ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اور سابق کپتان بابر اعظم آسٹریلوی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے ابتدائی دو میچز میں اپنی روایتی فارم برقرار نہ رکھ سکے،
سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر اعظم اپنے دوسرے میچ میں بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور مختصر سی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
سڈنی میں کھیلے گئے بگ بیش لیگ 2025-26 کے چوتھے میچ میں بابر اعظم صرف 9 رنز بنا سکے اور لیوک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس دوران انہوں نے ایک چوکا بھی لگایا، جو ان کا بی بی ایل میں پہلا چوکا تھا۔
اس سے قبل بی بی ایل کے افتتاحی میچ میں پرتھ کے آپٹس اسٹیڈیم میں پرتھ اسکروچرز کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں بابراعظم صرف 5 گیندوں پر 2 رنز بنانے کے بعد بروڈی کاؤچ کی گیند کا شکار بن گئے تھے، جس سے ان کی ناقص فارم ظاہر ہوئی۔
بابر کی موجودہ کارکردگی نے مداحوں کے جذبات کو بھی تقسیم کر دیا ہے؛ کچھ شائقین ان کی ناقص فارم پر مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں، تو کچھ مداح ان کی حمایت میں کھڑے ہیں اور انہیں حوصلہ دے رہے ہیں۔
بابراعظم کی حالیہ کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے پاکستان میں کھیلی گئی ٹی 20 آئی سہ ملکی سیریز میں 5 میچز کے دوران 127 رنز اسکور کیے تھے، تاہم ایشیا کپ 2025 میں ان کی ٹیم میں عدم شمولیت پر کرکٹ حلقوں میں خاصی بحث دیکھنے میں آئی، جہاں پاکستان فائنل تک تو پہنچا مگر ٹرافی اپنے نام نہ کر سکا۔
اکتوبر 2025 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران بابراعظم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا سنگ میل عبور کیا اور بھارتی بلے باز روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا تھا، جس نے ان کی فارم اور صلاحیتوں پر اٹھنے والے سوالات کو کسی حد تک خاموش کر دیا۔
اب بگ بیش لیگ کے آئندہ میچز میں بابراعظم کی کارکردگی شائقینِ کرکٹ اور ماہرین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں ان سے ایک مضبوط، اعتماد سے بھرپور اور فیصلہ کن اننگز کی توقع کی جا رہی ہے تاکہ وہ آسٹریلوی کنڈیشنز میں اپنی کلاس ایک بار پھر ثابت کر سکیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں اور ان کی موجودہ بی بی ایل فارم اس بات کا امتحان ہے کہ وہ کس حد تک بین الاقوامی کارکردگی کو فرنچائز کرکٹ میں منتقل کر سکتے ہیں۔



