انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا جو اتوار کو کھیلا جائے گا۔


پاکستان انڈر 19 ٹیم ایشیا کپ انڈر19 کے فائنل میں پہنچ گئی۔
سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش انڈر19 کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
سمیر منہاس کی نصف سنچری، عبدالسبحان کی چار وکٹیں
دبئی: پاکستان انڈر 19 ایشیاکپ کے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔
دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے
جب کہ بارش کے باعث میچ کو 27، 27 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
میچ میں بنگلادیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی منظم بولنگ کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حذیفہ احسن نے بھی 2 اہم کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 63 گیندیں قبل مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کی اننگز میں سمیر منہاس نے 6چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 69 رنز سکور کیے اورآؤٹ نہیں ہوئے ۔انہوں نے عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 85 رنز کا اضافہ کیا۔
عثمان خان 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ احمد حسین11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
عبدالسبحان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
پاکستان کی اس فتح کے ساتھ ہی انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل مزید دلچسپ ہوگیا ہے، جہاں اتوار کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔



