کرکٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے سے مالی نقصان نہیں ہوگا: بنگلا دیش کرکٹ بورڈ

بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے سے مالی نقصان نہیں ہوگا: بنگلا دیش کرکٹ بورڈ

ڈھاکا: بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے فنانس کمیٹی کے سربراہ نجم الحسین نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں بورڈ کو کسی قسم کا مالی نقصان نہیں ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم الحسین کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں شرکت کے باوجود کرکٹ بورڈ کو براہِ راست کوئی مالی فائدہ نہیں ملتا،

اس لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے سے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، اس فیصلے سے کھلاڑیوں کو نقصان ہوگا کیونکہ انہیں میچ فیس کی مد میں رقم نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں کھلاڑیوں کا مالی ازالہ نہیں کیا جائے گا، خراب کارکردگی کے باوجود بورڈ کھلاڑیوں پر کروڑوں ٹکہ خرچ کرتا ہے اور ہم نے کبھی کھلاڑیوں سے یہ نہیں کہا کہ وہ رقم واپس کریں، جب بورڈ ہی نہ ہوگا تو کھلاڑی کیسے رہ سکیں گے۔

نجم الحسین نے مزید کہا کہ 2027 تک بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی آمدن متاثر نہیں ہوگی کیونکہ اس حوالے سے فیصلہ 2022 میں آئی سی سی فنانس کمیٹی میں ہو چکا ہے، مستقبل کے ورلڈکپس، دوطرفہ سیریز اور دیگر بین الاقوامی ایونٹس میں یہ معاملہ اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم سوال ہے کہ مستقبل میں ٹیمیں فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت بنگلا دیش کا دورہ کریں گی یا نہیں۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستقیض الرحمان کو ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے ریلیز کر دیا تھا۔

اس واقعے کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز بھارت سے کسی اور ملک منتقل کیے جائیں، جبکہ ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!