
آئی ایل ٹی20، اسٹار بیٹربابر اعظم کو 80 ہزار ڈالر میں ڈیزرٹ وائپرز نے سائن کر لیا
دبئی: پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم اب متحدہ عرب امارات کی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں بھی اپنی بیٹنگ کا جادو دکھائیں گے، ڈیزرٹ وائپرز نے انہیں پانچویں سیزن کے لیے سائن کرلیا۔
پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے متحدہ عرب امارات کی فرنچائز لیگ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں انٹری دے دی، انہیں پانچویں سیزن کی نیلامی میں ڈیزرٹ وائپرز نے 80 ہزار امریکی ڈالر میں سائن کرلیا۔
ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں سیزن کی نیلامی میں ڈیزرٹ وائپرز نے بابر اعظم کی خدمات 80 ہزار امریکی ڈالر میں حاصل کرلیں، جس کے بعد پاکستانی بیٹر پہلی بار متحدہ عرب امارات کی مقبول فرنچائز لیگ کا حصہ بن گئے ہیں۔
بابر اعظم اس وقت پاکستان میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں ایکشن میں ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل رواں سال پاکستان سپر لیگ میں بھی ان کی کارکردگی نمایاں رہی۔
بابر اعظم نے مئی میں پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتا تھا، جو بطور کپتان ان کا پہلا پی ایس ایل ٹائٹل تھا۔ پشاور زلمی نے اس سے قبل 2017 میں اپنی پہلی چیمپئن شپ جیتی تھی۔
ٹورنامنٹ میں بابر اعظم نے 588 رنز اسکور کیے، جس میں دو سنچریاں بھی شامل تھیں، جبکہ وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔ شاندار کارکردگی پر انہیں پی ایس ایل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان بھی نامزد کیا گیا۔
ڈیزرٹ وائپرز میں بابر اعظم کی شمولیت سے فرنچائز کو ایک تجربہ کار ٹاپ آرڈر بلے باز کی خدمات حاصل ہوگئی ہیں، جنہیں بین الاقوامی کرکٹ کے ساتھ مختلف فرنچائز لیگز میں کھیلنے کا بھی وسیع تجربہ حاصل ہے۔
بابر اعظم کی آئی ایل ٹی20 میں شرکت سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں موجود کرکٹ شائقین کی دلچسپی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
آئی ایل ٹی20 کے پانچویں سیزن کی نیلامی میں لیگ کی تمام چھ فرنچائزز نئے ایڈیشن کے لیے اپنے اسکواڈز کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
پی ایس ایل میں کامیاب قیادت اور شاندار بیٹنگ کے بعد بابر اعظم نے فرنچائز کرکٹ میں ایک اور بڑا پڑاؤ ڈال دیا ہے، اب نظریں آئی ایل ٹی20 میں ڈیزرٹ وائپرز کے لیے ان کی کارکردگی پر ہوں گی۔


