
تیسرا آرمی چیف انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ، باچاخان وائٹ کلب فائنل میں پہنچ گیا
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) تیسری آرمی چیف انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ میں باچا خان وائٹ ہاکی کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خادم ہاکی کلب کو شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
میچ قاضی محب ہاکی اسٹیڈیم بنوں کے آسٹروٹرف پر کھیلا گیا، جہاں باچا خان وائٹ نے ابتدا ہی سے کھیل پر اپنی مضبوط گرفت قائم رکھی۔
میچ کے دوسرے ہی منٹ میں سعداللہ نے خوبصورت فیلڈ گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ کھیل کے 48ویں منٹ میں خارث نے پنلٹی کارنر پر گول اسکور کر کے برتری کو دگنا کر دیا۔
خادم ہاکی کلب نے واپسی کی کوشش کرتے ہوئے میچ کے 50ویں منٹ میں اپنا واحد گول اسکور کیا، تاہم وہ میچ برابر کرنے میں ناکام رہے۔ مقررہ وقت کے اختتام پر باچا خان وائٹ ہاکی کلب نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ باچا خان وائٹ ہاکی کلب گزشتہ دونوں آرمی چیف انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹس بنوں کی چیمپئن ٹیم رہی ہے اور اب مسلسل تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے سے صرف ایک قدم کی دوری پر ہے۔ شائقینِ ہاکی کو فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔



