کرکٹ

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا کی قیادت میں دورہ جنوبی افریقا کے لیے روانہ

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا کی قیادت میں دورہ جنوبی افریقا کے لیے روانہ

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ہفتے کے روز دورہ جنوبی افریقا کے لیے روانہ ہو گئی، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف محدود اوورز کی اہم سیریز کھیلے گی۔

کراچی سے جوہانسبرگ روانہ ہونے والی قومی ویمن ٹیم اس دورے کے دوران 3 ٹی 20 انٹرنیشنل اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

یہ سیریز آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں نہایت اہم قرار دی جا رہی ہے، جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی اس دورے کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔

شیڈول کے مطابق ٹی 20 میچز 10 سے 16 فروری کے درمیان کھیلے جائیں گے جب کہ ون ڈے سیریز 22 فروری سے یکم مارچ تک جاری رہے گی۔

ٹی 20 میچز پوچف اسٹروم، بینونی اور کمبرلے میں ڈے اینڈ نائٹ بنیادوں پر ہوں گے جب کہ ون ڈے مقابلے بلوم فونٹین، سینچورین اور ڈربن میں منعقد کیے جائیں گے۔

ون ڈے سیریز سے قبل کمبرلے میں 50 اوورز کا ایک وارم اپ میچ بھی شیڈول ہے، جس سے کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا۔

سیریز میں فاطمہ ثنا ون ڈے اور ٹی 20 دونوں اسکواڈز کی قیادت کریں گی۔ روانگی سے قبل قومی کپتان فاطمہ ثنا نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی افریقا کا یہ دورہ عالمی ویمن ٹی ٹوئنٹی کپ کی تیاریوں میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ کمبی نیشن میدان میں مثبت نتائج دے گا۔

پاکستان ویمن ٹیم 2021 کے بعد پہلی بار دو طرفہ سیریز کے لیے جنوبی افریقا کا دورہ کر رہی ہے، جس سے اس سیریز کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

ٹی 20 اسکواڈ میں فاطمہ ثنا، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، حمنا بلال، منیبہ علی، نشرہ سندھو، نتالیا پرویز، ام ہانی، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، سدرہ امین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔ ون ڈے اسکواڈ میں بھی تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج رکھا گیا ہے۔

سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر وہاب ریاض اس دورے میں ٹیم کے مینٹور اور ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے جب کہ سپورٹنگ اسٹاف میں عمران فرحت، عبد الرحمن، عبدالمجید اور دیگر شامل ہیں۔

دورے سے قبل پاکستان ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد کیا گیا، جہاں کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی۔ کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!