
پی ایس ایل 11: لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین آج قذافی سٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی
ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کا آغاز آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کے درمیان افتتاحی میچ سے ہو رہا ہے۔
میچ شام 7 بجے شروع ہوگا اور سیکیورٹی و انتظامات مکمل ہیں۔
افتتاحی میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی۔ حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنوس لبوشین نے ٹیم کی مضبوط پرفارمنس کا اعلان کیا، جبکہ لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی نے کہا کہ مقابلہ سنسنی خیز ہوگا۔
پی ایس ایل 11 میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور 44 میچز صرف لاہور اور کراچی میں 39 دنوں میں بغیر تماشائیوں کے کھیلے جائیں گے۔
لاہور قذافی سٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہر ایک کو 22 میچز کی میزبانی حاصل ہوگی۔ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔
دوسری ٹیمیں بھی تیاریاں مکمل کر رہی ہیں۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹریننگ سیشن اور پریکٹس میچ کیے، تاہم ہلکی بارش کی وجہ سے کچھ تاخیر ہوئی۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم اور راولپنڈیز کے محمد رضوان نے کہا کہ ٹیمیں بہترین کھیل پیش کریں گی۔
پی ایس ایل 11 میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی اور سابق اسٹارز پاکستان پہنچ چکے ہیں، جن میں راولپنڈیز کے بولنگ کوچ کورٹنی والش اور بنگلا دیش کے رشاد حسین بھی شامل ہیں۔
افتتاحی میچ سے قبل ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں ایونٹ کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔



