PSL2026کرکٹ

پی ایس ایل 12 کا نیا شیڈول؟ بڑی پیش رفت !

پی ایس ایل 12 کا نیا شیڈول؟ بڑی پیش رفت !

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کے تعین کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائز مالکان کے درمیان ہونے والی ورچوئل میٹنگ میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لیگ کے انعقاد کے لیے 2 ممکنہ ونڈوز، فروری، مارچ 2027 اور اپریل، مئی 2027، زیر بحث آئیں، جبکہ حتمی فیصلہ کرکٹ کمیٹی کی مزید مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

اجلاس میں فروری، مارچ کی روایتی ونڈو کے فوائد اور چیلنجز پر تبادلہ خیال ہوا۔ شرکا کے مطابق اس عرصے میں انڈین پریمیئر لیگ سے تصادم نہیں ہوگا، جس سے عالمی معیار کے زیادہ کھلاڑی دستیاب رہ سکتے ہیں، تاہم رمضان المبارک اور دیگر بین الاقوامی لیگز کے شیڈول کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔

دوسری جانب اپریل، مئی کی ونڈو میں آئی پی ایل سے مقابلہ ضرور ہوگا، مگر بعض غیر ملکی کرکٹرز پورے ایونٹ کے لیے دستیاب رہ سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق میٹنگ میں ایک فرنچائز مالک نے ریٹینشن اور پلیئرز آکشن اگست میں ہی منعقد کرنے کی تجویز پیش کی، جبکہ سیلری کیپ میں کمی کی سفارش بھی سامنے آئی تاکہ ٹیم مالکان پر مالی دباؤ کم ہو سکے۔

اسی دوران پی ایس ایل سپر سکسز مرحلے کی تجویز پر بھی ابتدائی گفتگو ہوئی، تاہم اسے مالی معاملات سے مشروط قرار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایک بڑے اسٹیک ہولڈر کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جس پر سخت مؤقف اختیار کیا گیا۔

پی سی بی نے اس مسئلے کے جلد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے تمام فرنچائز مالکان کو پاک۔انگلینڈ لارڈز ٹیسٹ دیکھنے کی دعوت بھی دی۔

میٹنگ میں حیدرآباد کنگز مین کے مالک فواد سرور نے قومی ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی اور ٹیم مینجمنٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج ہی پی ایس ایل کی تجارتی اور کھیلوں کی کامیابی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!