PSL2026کرکٹ

سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی؛ نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد

پی سی بی نے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو برطرف کرکے بلیک لسٹ کردیا۔

 نسیم شاہ پر پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضباطی کمیٹی کی کارروائی کے نتائج جاری کردیے جس کے مطابق 27 مارچ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور جواب موصول ہونے کے بعد سماعت کی گئی۔

تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے 30 مارچ کو ذاتی سماعت کی اور غیر مشروط معافی کے باوجود مختلف شقوں کی خلاف ورزی ثابت ہوئی۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کرکے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو برطرف کردیا گیا ہے جب کہ پی سی بی نے انہیں بلیک لسٹ بھی کردیا ہے۔

علاوہ ازیں پی سی بی نے پیشہ ورانہ معیار اور کنٹریکٹ کی پاسداری برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب نسیم شاہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام جاری کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں نسیم شاہ نے کہا کہ میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے حالیہ کی گئی پوسٹ میری مینجمنٹ ٹیم نے کی تھی،وہ پوسٹ میرے خیالات کی عکاسی نہیں کرتی۔

نسیم شاہ نے کہا کہ میں اپنے پلیٹ فارم کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، میں نے مستقبل میں ویسے واقعات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کر دیئے، میں اپنے پلیٹ فام کے غلط استعمال پر معافی مانگتا ہوں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل نسیم شاہ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ وائرل ہوا تھا۔ جو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف تھا۔ مریم نواز میچ میں مہمانِ خصوصی تھیں اور شائقین کو داخلے کی اجازت نہ ہونے کے باوجود وہ اپنے خاندان کے ہمراہ وہاں موجود تھیں۔ جس پر نسیم شاہ کے اکاؤنٹ سے تنقید کی گئی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!