
ای اسپورٹس کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کے لیے عالمی افق روشن، صدر پی ایف ایف محسن گیلانی
لاہور: پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے بدھ کے روز باضابطہ طور پر اپنے ‘فیفا ای پروگرام’ کی رونمائی کر دی ہے۔
پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے ‘فیفا ای نیشنز لیگ’ میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جو فیفا کے عالمی ای فٹ بال ماحولیاتی نظام میں ملک کی پہلی باضابطہ شرکت ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے، جس میں نائب صدر پی ایف ایف حافظ ذکا اللہ اور نو منتخب ای فٹ بال مینیجر شاہزیب رضا بھی موجود تھے، صدر محسن گیلانی نے اس پیش رفت کو پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نہ صرف ٹیلنٹ کے اظہار کا ذریعہ بنے گا بلکہ نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل سرحدوں کے ذریعے آمدنی کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
صدر محسن گیلانی کا کہنا تھا: "جب سے میں نے صدارت سنبھالی ہے، میرا عزم ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور بین الاقوامی شناخت کے لیے وہ اقدامات اٹھاؤں جو پہلے کبھی نہیں لیے گئے۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب فٹ بال کی دنیا میں پاکستان کا نام گونجے گا۔”
ای اسپورٹس مینیجر شاہزیب رضا نے پروگرام کی ساخت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی ای فٹ بال اسکواڈ کا انتخاب ملک گیر ٹرائلز کے بعد میرٹ پر کیا گیا ہے اور اب کھلاڑیوں کے پول کو وسعت دینے کے لیے نئے ٹرائلز جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای اسپورٹس سے مواد تخلیق کرنے اور بین الاقوامی پبلشرز کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔
محسن گیلانی نے جنوبی کوریا اور انڈونیشیا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی جلد ای فٹ بال کی صف اول کی ٹیموں میں شامل ہوگا۔
انہوں نے قومی خواتین ٹیم کی حالیہ فتوحات اور انڈر 17 ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ مقامی ٹیلنٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں موجود کوئی بھی پاکستانی ٹیلنٹ ملک کی نمائندگی کا حق رکھتا ہے، جبکہ مقامی کھلاڑیوں کے لیے جلد پروفیشنل لیگ شروع کی جائے گی۔
پاکستان نے کوالیفائنگ راؤنڈز کے پہلے ہفتے میں پاپوا نیو گنی اور گوام کے خلاف واک اوور حاصل کیا۔ اگرچہ پاکستان کو عالمی چیمپئن انڈونیشیا سے 1-0، میانمار سے 2-1 اور جنوبی کوریا سے 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ٹیم آج (16 اپریل) تھائی لینڈ کے خلاف ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر اپنا ناک آؤٹ میچ کھیلے گی۔



