کرکٹ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سالانہ ون ڈے ٹیم رینکنگ جاری کر دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سالانہ ون ڈے ٹیم رینکنگ جاری کر دی،

دبئی:  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین مردوں کی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بھارت نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے تاہم نیوزی لینڈ نے کارکردگی بہتر بنا کر ٹاپ پوزیشن کے ساتھ فرق کم کر دیا ہے۔

بھارتی ٹیم جس کی قیادت روہت شرما کر رہے ہیں ایک رینکنگ پوائنٹ کم ہونے کے باوجود 118 پوائنٹس کے ساتھ بدستور نمبر ون ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے 2 پوائنٹس حاصل کر کے 113 پوائنٹس تک رسائی حاصل کی اور یوں دونوں ٹیموں کے درمیان فرق آٹھ سے کم ہو کر صرف 5 پوائنٹس رہ گیا ہے۔

موجودہ ون ڈے ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا 109 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے اور اس کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ٹاپ فائیو میں سب سے بڑی تبدیلی جنوبی افریقہ کے حق میں رہی جس نے پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔

جنوبی افریقہ کے پوائنٹس بڑھ کر 102 ہو گئے جبکہ پاکستان 4 پوائنٹس کے نقصان کے بعد 98 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں نمبر پر چلا گیا۔

سری لنکا چھٹے نمبر پر موجود ہے اگرچہ اس کے 2 پوائنٹس کم ہوئے ہیں اور وہ 96 پر ہے جبکہ افغانستان 93 پوائنٹس کے ساتھ 7ویں نمبر پر برقرار ہے۔

انگلینڈ ایک پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ 8ویں اور بنگلہ دیش 84 پوائنٹس کے ساتھ 9ویں نمبر پر ہے۔

ویسٹ انڈیز کو 3 پوائنٹس کے نقصان کے بعد 10 ویں نمبر پر تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ آئرلینڈ نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے زمبابوے کو پیچھے چھوڑ دیا اور 11 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔

امریکا نے بھی رینکنگ میں بہتری دکھائی اور اسکاٹ لینڈ کو پیچھے چھوڑ کر 13ویں نمبر پر آ گیا جبکہ نیدرلینڈز نے 4 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ نمایاں پیشرفت کی۔

رینکنگ کے نچلے حصے میں متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کو پیچھے چھوڑ کر 19ویں پوزیشن حاصل کر لی جبکہ کینیڈا کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا اور وہ آخری نمبر پر آ گیا۔

آئی سی سی کے مطابق یہ سالانہ اپ ڈیٹ ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کو زیادہ اہمیت دیتا ہے جس کے باعث رینکنگ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ
دوسری جانب ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا بدستور نمبر ون ہے جبکہ خواتین کی ون ڈے اور ٹی 20 رینکنگ میں بھی آسٹریلیا کی برتری برقرار ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ 2027 کیلئے ٹاپ 8 ٹیمیں براہِ راست کوالیفائی کریں گی، تاہم جنوبی افریقا اور زمبابوے میزبان ہونے کے باعث پہلے ہی ایونٹ کیلئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!