
اسپین نے فیفا ورلڈکپ 2026 کیلئے 26 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا
یورپی فٹبال کی عالمی چیمپئن اسپین نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 26 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے ایک ایسا فیصلہ کیا ہے جس نے کھیلوں کی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، کیونکہ اس بار ٹیم میں ریال میڈرڈ سے کسی بھی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔
کھیل سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ اسپین کی فٹبال تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ قومی ٹیم کسی بڑے عالمی ٹورنامنٹ میں ریال میڈرڈ کے کسی نمائندے کے بغیر میدان میں اترے گی، جسے ماہرین ایک غیر معمولی اور حیران کن پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوینتے نے اپنی منتخب ٹیم میں زیادہ انحصار بارسلونا کے کھلاڑیوں پر کیا ہے، جس کے باعث اسکواڈ کا توازن اور انتخابی حکمت عملی زیرِ بحث آ گئی ہے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں بارسلونا کے آٹھ کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جن میں لامین یامال، پیڈری، گاوی، ڈینی اولمو اور فیران ٹوریس جیسے اہم نام نمایاں ہیں۔ ان کھلاڑیوں کو ٹیم کے مرکزی ستون کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہی کھلاڑی ٹورنامنٹ میں اسپین کی کارکردگی کا تعین کریں گے۔
دوسری جانب ریال میڈرڈ کے چند اہم کھلاڑیوں، جن میں ڈیان ہوئیسن اور دانی کارواخال جیسے نام شامل ہیں، اس مرتبہ اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔ اس فیصلے نے شائقین اور تجزیہ کاروں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے اور مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔
کوچ لوئس ڈی لا فوینتے نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے لیے کھلاڑیوں کی سلیکشن میں کسی کلب کی وابستگی کوئی معیار نہیں، بلکہ ان کی اولین ترجیح قومی ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف ایسے کھلاڑی چاہتے ہیں جو اسپین کی نمائندگی کو اعزاز سمجھیں اور بھرپور جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں۔
اسکواڈ میں انگلش پریمیئر لیگ سے تعلق رکھنے والے سات کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں، جس سے ٹیم میں بین الاقوامی تجربے کا عنصر بھی شامل ہو گیا ہے۔
کوچ نے لامین یامال اور نیکو ولیمز کی فٹنس کے حوالے سے بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی ٹورنامنٹ کے آغاز تک مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے اور ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔



