انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ: پاکستان نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 2-5 سے شکست دیدی ۔

انڈر 18 ایشیا کپ جاپان -پاکستان نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 2-5 سے شکست دیدی ۔
پاکستان سیمی فائنل میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 5 جون کو کھیلے گا۔
کاکامیگاہارا : ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام انڈر 18 ایشیا کپ 2026 جو کہ 29 مئی سے 6 جون تک جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں کھیلا جارہا ہے۔
ایونٹ میں پاکستان اور بنگلادیش کے مابین کھیلے جانے والے دلچسپ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیدی۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول کھیل کے آغاز میں تیسرے منٹ میں عبداللہ نے دو، عدیل ،آسام اور یحییٰ نے ایک ایک گول سکور کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیرک اسلام اور منا اسلام نے گول سکور کیا۔ پلیئر آف دی میچ پاکستان کے محمد یحییٰ قرار پائے۔
میچ کے دوران پاکستان کے فارورڈز نے گول کرنے کے مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا،
جبکہ مڈ فیلڈ اور ڈیفنس لائن نے بھی بیشتر وقت کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اس شاندار فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے چیمپئن شپ کی ٹرافی جیتنے کے لیے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر اپنے عزائم کا اظہار کر دیا ہے۔
پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹیم کے ڈسپلن، عزم اور کھیل کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ اسٹاف کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے جو عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے جونیئر ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی ایک سنگ میل ہے جس سے ملک میں جونیئر ہاکی کے فروغ کو مزید حوصلہ ملے گا۔
قومی ٹیم اب سیمی فائنل کے معرکے کے لیے تیاری کرے گی جہاں اس کا ہدف اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل اور چیمپئن شپ کے ٹائٹل کی طرف قدم بڑھانا ہے۔
قومی ہیروز کو الاسکا بیٹری اور پی ٹی سی ایل کا تعاون حاصل ہے



