
فیفا ورلڈ کپ؛ ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو ویزے مل گئے
(ویب ڈیسک) ایران کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو فیفا ورلڈکپ 2026 سے قبل میکسیکو کے ویزے جاری کر دیےگئے ہیں، جس سے ٹیم کی فیفا ورلڈ کپ میں شمولیت کے متعلق ایک اہم انتظامی مسئلہ حل ہوگیا ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی ٹیم کو ترکیےکے دارالحکومت انقرہ میں میکسیکو کے سفارت خانے نے ویزے جاری کیے۔ ایرانی فٹبال ٹیم اس وقت ترکیے میں موجود ہے، میکسیکو ورلڈکپ میں ایرانی ٹیم کا بیس وینیو رہےگا۔
ایرانی فٹ بال ٹیم 6 جون کو ترکیے سے میکسیکو کے لیے روانہ ہوجائے گی، ورلڈکپ میں ایران کے تینوں گروپ میچز امریکا میں شیڈولڈ ہیں۔
خیال رہےکہ فیفا ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں کے ویزوں کا معاملہ ایران کے لیے ایک اہم مسئلہ بن گیا تھا۔ فیفا ورلڈکپ 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق 12 جون سے شروع ہونے والا یہ عالمی ایونٹ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں پوری آب و تاب کے ساتھ منعقد ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں پہلی بار 48 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں 12 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس نئے فارمیٹ کے تحت ایونٹ میں مجموعی طور پر 104 سنسنی خیز میچز کھیلے جائیں گے، جس سے شائقینِ فٹبال کے لیے کھیل کا مزہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ جائے گا۔
ایونٹ میں کل 1248 کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے جن میں سے 891 ایسے کھلاڑی ہیں جو پہلی بار عالمی کپ کے اسٹیج پر قدم رکھیں گے۔
دوسری جانب 357 تجربہ کار کھلاڑی ایسے بھی ہوں گے جو ماضی میں بھی ورلڈ کپ کا حصہ رہ چکے ہیں۔
فٹبال کی دنیا کے بڑے نام جیسے لیونل میسی، کرسٹیانو رونالڈو اور گیلرمو اوچوا اس میگا ایونٹ میں چھٹی بار شرکت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان ستاروں کی موجودگی ایونٹ کی اہمیت اور شائقین کا جوش و خروش کئی گنا بڑھا رہی ہے، جو اسے ایک تاریخی یادگار ٹورنامنٹ بنا دے گا۔
اس ورلڈ کپ کی ایک بڑی خاصیت 4 نئے ممالک کی انٹری ہے۔ کیپ ورڈے، کوراساؤ، اردن اور ازبکستان پہلی بار عالمی کپ میں اپنی ٹیمیں اتاریں گے۔ ان ٹیموں کی شمولیت سے مقابلوں کے نتائج مزید غیر متوقع اور دلچسپ ہونے کی توقع ہے، جس سے ٹورنامنٹ میں نیا جوش پیدا ہوگا۔
کھلاڑیوں کی عمروں کے لحاظ سے بھی یہ ٹورنامنٹ منفرد ہے۔ اس میں 17 سال کے نوجوان کھلاڑی سے لے کر 43 سال کے تجربہ کار ایتھلیٹ تک ایکشن میں ہوں گے۔ مجموعی طور پر 7 کھلاڑی 40 سال سے زائد عمر کے ہیں، جبکہ 22 انڈر 20 کھلاڑی بھی اپنی صلاحیتیں دکھائیں گے۔
ماہرین کا کہناہ ے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 محض ایک کھیلوں کا مقابلہ نہیں بلکہ عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک نئے اور بڑے دور کا نقطہ آغاز ہے۔ شائقین اس ٹورنامنٹ کو فٹبال کے کھیل کو دنیا بھر میں مزید مقبول اور وسیع کرنے کے ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔



