کرکٹ

سابق افغان کرکٹر شاپور زدران کا جسدِ خاکی بھارت سے کابل پہنچ گیا، ساتھی کرکٹرز اشکبار

سابق افغان کرکٹر شاپور زدران کا جسدِ خاکی بھارت سے کابل پہنچ گیا، ساتھی کرکٹرز اشکبار

کابل: افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران کا جسدِ خاکی بھارت سے کابل پہنچا دیا گیا۔

افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق شاپور زدران کا جسدِ خاکی بدھ کے روز کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ لایا گیا،

جہاں ان کے اہلِ خانہ، رشتہ دار، دوست، حکومتی عہدیدار اور افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ مرحوم انتقال سے قبل بھارت میں زیرِ علاج تھے۔

ایئرپورٹ پر شاپور زدران کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والوں میں قومی ٹیم کے موجودہ اور سابق کھلاڑی بھی شامل تھے، جن میں راشد خان اور ابراہیم زدران نمایاں تھے۔

جسدِ خاکی کی آمد کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ ساتھی کرکٹرز نے احترام کے ساتھ تابوت کو کندھوں پر اٹھا کر گاڑی تک پہنچایا، جبکہ ہر آنکھ اشکبار تھی۔

یاد رہے کہ شاپور زدران طویل علالت کے بعد منگل کو نئی دہلی کے ایک اسپتال میں 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور بھارت میں زیرِ علاج تھے، جہاں افغانستان کے کئی کرکٹرز وقتاً فوقتاً ان کی عیادت کے لیے بھی جاتے رہے۔

شاپور زدران نے افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔

بائیں ہاتھ کے اس سابق فاسٹ بولر نے 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف افغانستان کی تاریخی پہلی ورلڈ کپ فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، جب انہوں نے فاتحانہ رنز بنا کر ٹیم کو یادگار کامیابی دلائی۔

ان کے انتقال پر ساتھی کھلاڑیوں، سابق کرکٹرز، کرکٹ حکام اور شائقین کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!