
نیشنل انڈر 15 ہاکی رجسٹریشن پورٹل کا باقاعدہ آغاز
اسلام آباد ; پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر سے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور ان کی تربیت کے لیے نیشنل انڈر 15 ہاکی رجسٹریشن پورٹل کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں گراس روٹ لیول پر ہاکی کے فروغ کو ممکن بنانا ہے۔
فیڈریشن کی جانب سے تمام اسکولوں کے پرنسپلز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اداروں کو پورٹل پر رجسٹر کروائیں، جبکہ 15 سال سے کم عمر طلباء کو بھی پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کی ترغیب دی گئی ہے۔
رجسٹرڈ ہونے والے اسکولز قومی انڈر 15 ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ بنیں گے اور دستیابی کی صورت میں انہیں ہاکی کٹس کی فراہمی کے لیے بھی غور کیا جائے گا۔
اس رجسٹریشن مہم کے ذریعے پاکستان میں انڈر 15 ہاکی کھلاڑیوں کا پہلا جامع قومی ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا، جس سے پی ایچ ایف کو نچلی سطح پر صلاحیتوں کو پرکھنے اور منظم منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے گی۔
اس اہم پیشرفت کے تحت، پی ایچ ایف اضلاع کی سطح پر تربیت یافتہ اور تصدیق شدہ کوچز تعینات کرے گی
جو شریک اسکولوں کی معاونت کریں گے، کوچنگ پروگرامز منعقد کریں گے اور کھلاڑیوں کی مہارت کو نکھاریں گے۔ مزید برآں، منتخب اسکولوں کو کھیلوں کے سامان اور ہاکی کٹس کی فراہمی بھی کی جا سکتی ہے۔
اس پروگرام کا اختتام رواں سال کے آخر یا اگلے سال کے شروع میں منعقد ہونے والی نیشنل انڈر 15 ہاکی چیمپئن شپ پر ہوگا۔
چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو پاکستان کی نیشنل انڈر 15 ہاکی ٹیم کے لیے منتخب کیا جائے گا، جو بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام اسکولوں، طلباء، والدین اور ہاکی کے شائقین سے اس تاریخی اقدام میں بھرپور شرکت کرنے اور قومی کھیل کے مستقبل کو روشن بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔



