سائیکلینگ

10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 2026 کراچی میں 9 اکتوبر سے شروع ہوگی

خواتین، مرد، جونیئرز، پیرا سائیکلسٹس اور ماسٹرز کیٹیگریز میں ملک بھر کے سائیکلسٹس شرکت کریں گے

10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 2026 کراچی میں 9 اکتوبر سے شروع ہوگی

خواتین، مرد، جونیئرز، پیرا سائیکلسٹس اور ماسٹرز کیٹیگریز میں ملک بھر کے سائیکلسٹس شرکت کریں گے

کراچی: پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (PCF) کے زیرِ اہتمام 10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 2026 کا انعقاد کراچی میں 9 سے 11 اکتوبر 2026 تک کیا جا رہا ہے، جس میں ملک بھر سے مرد و خواتین، جونیئرز، پیرا سائیکلسٹس اور ماسٹرز سائیکلسٹس شرکت کریں گے۔

چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز 9 اکتوبر کو صبح 9 بجے بحریہ ٹاؤن کراچی میں ہوگا، جبکہ مختلف کیٹیگریز کے مقابلے تین روز تک جاری رہیں گے۔ 11 اکتوبر کو شام 4 بجے اختتامی تقریب اور انعامات کی تقسیم ہوگی، جس میں کامیاب کھلاڑیوں کو میڈلز اور سووینئرز پیش کیے جائیں گے۔

چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی، سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC)، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، گلگت بلتستان، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد سمیت مختلف اداروں اور ٹیموں کے سائیکلسٹس شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ کرینگ ایڈک ، پاکستان سائیکلنگ اکیڈمی اور دیگر ٹیمیں بھی اپنی شرکت یقینی بنائیں گی۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے ماسٹرز کیٹیگری میں اوپن کیٹیگری بھی رکھی ہے، جس میں کراچی اور دیگر علاقوں کے مقامی سائیکلسٹس کو بھی شرکت کا موقع حاصل ہوگا۔

چیمپئن شپ میں خواتین، مردوں اور جونیئرز کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ پیرا سائیکلنگ کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے، تاکہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل سائیکلسٹس کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے سائیکلسٹس اور آفیشلز کے لیے بحریہ ٹاؤن کراچی میں رہائش اور دیگر ضروری انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

چیمپئن شپ کے انعقاد میں میٹرو حبیب بینک بطور اسپانسر تعاون کر رہا ہے، جبکہ اسپیشل اولمپکس سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن، سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) اور بحریہ ٹاؤن کراچی سمیت دیگر ادارے بھی ایونٹ کی کامیابی کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ قومی سطح پر کھیلوں کے ایسے مقابلوں کا انعقاد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور پاکستان میں سائیکلنگ کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنا اور نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے ملک بھر کے میڈیا نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ 10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 2026 کی بھرپور کوریج کریں تاکہ قومی کھیلوں، سائیکلنگ اور پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور ان کی کارکردگی کو عوام تک پہنچایا جا سکے۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے تمام متعلقہ اداروں، اسپانسرز، میڈیا اور سائیکلنگ سے وابستہ افراد کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ قومی چیمپئن شپ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!