کرکٹ

قومی انڈر 19 چیمپئن شپ: لاہور ریجن وائٹس کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

کوئٹہ ریجن کو ایک اننگز اور 114 رنز سے شکست، علی کھوکھر کی شاندار سنچری، تاج محمد اور حسنین عباس ڈار کی عمدہ باؤلنگ

قومی انڈر 19 چیمپئن شپ: لاہور ریجن وائٹس کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

کوئٹہ ریجن کو ایک اننگز اور 114 رنز سے شکست، علی کھوکھر کی شاندار سنچری،

تاج محمد اور حسنین عباس ڈار کی عمدہ باؤلنگ

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: قومی انڈر 19 چیمپئن شپ میں لاہور ریجن وائٹس نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ ریجن کو ایک اننگز اور 114 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور وائٹس کے بلے بازوں اور باؤلرز نے حریف ٹیم کو دونوں اننگز میں دباؤ میں رکھا۔

کوئٹہ ریجن نے پہلی اننگز میں صرف 62 رنز بنائے، جس میں حکمت اللہ 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لاہور وائٹس کی جانب سے حسنین عباس ڈار نے پانچ، عباس خان نے تین جبکہ حضرت علی نے دو وکٹیں حاصل کرکے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کو محدود کر دیا۔

جواب میں لاہور ریجن وائٹس نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی اور 224 رنز کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ مڈل آرڈر بلے باز علی کھوکھر نے ذمہ دارانہ اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 137 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،

جبکہ احمد خواجہ نے 52 اور حسنین عباس ڈار نے 34 رنز بنا کر ٹیم کی برتری کو مستحکم کیا۔ کوئٹہ ریجن کی جانب سے احسان اللہ اور ودان اللہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

224 رنز کے خسارے کے بعد کوئٹہ ریجن کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی لاہور وائٹس کے باؤلرز کا سامنا نہ کر سکی اور پوری ٹیم 110 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ شبریار خان نے 55 رنز کے ساتھ مزاحمت کی،

تاہم لاہور وائٹس کی جانب سے تاج محمد نے پانچ اور عباس خان نے چار وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو شاندار کامیابی دلا دی۔

علی کھوکھر کو میچ میں 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ لاہور ریجن وائٹس کے ہیڈ کوچ عرفان فاضل نے صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد کی جانب سے علی کھوکھر کو نقد انعام بھی پیش کیا۔

اس موقع پر صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے لاہور ریجن وائٹس کی ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کو کوارٹر فائنل میں رسائی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے علی کھوکھر کی شاندار سنچری اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی ایسی پرفارمنس لاہور ریجن کے روشن کرکٹ مستقبل کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیم کوارٹر فائنل میں بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل کے حصول کی جانب پیش قدمی کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!