

ٹی 20 ورلڈ کپ کے گیارہویں میچ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی۔

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 11ویں میچ میں پاکستان کو امریکہ نے سُپر اوور میں شکست دے دی۔ امریکہ نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پاکستان صرف 13 رنزہی بنا سکا۔
ڈیلس میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 160 رنز کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم بھی مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بناسکی۔
امریکی کپتان مونناک پٹیل نے شاندار نصف سنچری اسکور کی، ایرن جونز نے 36 اور گھاؤس نے 35 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ڈیلس میں کھیلے جارہے گروپ اے کے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے اور امریکا کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا۔
کپتان بابر اعظم 43 گیندوں پر 44 رنز بناکر نمایاں رہے، آل راؤنڈر شاداب خان نے 25 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی، شاہین آفریدی 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے۔
افتخار احمد 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عثمان خان 3، فخر زمان 11 رنز بناسکے، اوپنر محمد رضوان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اعظم خان بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ امریکا کے لیفٹ آرم اسپنر کین جیگانے نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر بابر اعظم الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی فیلڈنگ ہی کرتے، کوشش ہوگی اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سیٹ کریں۔
امریکا کے کپتان مونانک پٹیل کا کہنا تھا کہ اس گراؤنڈ پر ہدف کا تعاقب کرنا آسان ہے، مومنٹم ہمارے ساتھ ہے اسے جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کا سکواڈ ؛ بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، شاداب خان، عماد وسیم، حارث رؤف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، عباس آفریدی، عثمان خان، ابرار احمد۔
امریکہ کا سکواڈ ؛
سٹیون ٹیلر، موننک پٹیل (کپتان، وکٹ کیپر)، آندریز گوس، ایرون جونز، کورے اینڈرسن، نتیش کمار، ہرمیت سنگھ، شیڈلی وین شاک ویک، جسدیپ سنگھ، علی خان، ساؤربھ نیٹراوالکر، میلیند کمار، نوستھوش کینجینگے، نیسرگ پٹیل، شایان جہانگیر۔



