
آئی سی سی کا مطلب انڈین کرکٹ بورڈ ہے : اینڈی رابرٹس
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ فاسٹ بولر اینڈی رابرٹس چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو فائدہ پہنچانے پر آئی سی سی پر برس پڑے اور کہا کہ بھارت کو یوں ہر چیز نہیں دی جا سکتی ۔
بلکہ کبھی آئی سی سی کو کسی چیز کے لیے بھارت کو انکار بھی کرنا چاہیے ۔ بھارت کو گزشتہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی فائدہ ملا، بھارتی ٹیم کو پہلے سے علم تھا کہ ان کا سیمی فائنل کہاں ہو گا،
اب چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی بھارت نے سفر نہیں کیا اور یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ایک ٹیم کوئی سفر ہی نہ کرے ، یہ منصفانہ طریقہ کار نہیں ہے ، یہ کرکٹ نہیں ہے ،
کرکٹ میدان میں برابری کی بنیاد پر کھیلی جانی چاہیے ۔ میں جانتا ہوں کہ بھارت سے بہت پیسہ آتا ہے لیکن کرکٹ کو ایک ملک کا کھیل نہیں ہونا چاہیے ، اب ایسا لگنے لگا ہے یہ ایک ملکی مقابلہ ہے اور کھیل کے میدان میں برابری نہیں ہے
میرے نزدیک اب آئی سی سی کا مطلب انڈین کرکٹ بورڈ ہے کیونکہ اب وہاں بھارت کی اجارہ داری ہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کل کو بھارت یہ کہے گا
کہ اب سے کھیل میں کوئی نو بال اور وائیڈ بالز نہیں ہونی چاہئیں تو میری بات لکھ لیں اس پر بھی آئی سی سی بھارت کو مطمئن کرنے کا کوئی نہ کوئی راستہ تلاش کر لے گا۔



