کرکٹ

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کوارٹر فائنل پیر سے شروع ہونگے

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کوارٹر فائنل پیر سے شروع ہونگے۔

لاہور 18 مئی۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کے کوارٹر فائنلز کل سے چار مقامات پر کھیلے جائیں گے۔

تین روزہ میچوں میں ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کنگسمین کا مقابلہ مِٹ سلوشنز سے ہوگا جبکہ جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کا مقابلہ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ریلوے سے ہوگا۔

سعید اسپورٹس سٹی لاہور میں پی اے ایف کا مقابلہ ونگ 999 اسپورٹس سے ہوگا جبکہ چوتھے کوارٹر فائنل میں ساحر ایسوسی ایٹس کا مقابلہ غنی انسٹی ٹیوٹ سے رانا نوید کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل 24 سے 26 مئی تک ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونگے۔ چار روزہ فائنل 28 سے 31 مئی تک کھیلا جائے گا۔ فائنل کے مقام کی تصدیق مناسب وقت پر کی جائے گی۔

ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ رنر اپ ٹیم کو25 لاکھ روپے ملیں گے۔

اس سے قبل 15 اپریل سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں 27 ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ گروپ اے میں کنگسمین اور ونگ 999 اسپورٹس بالترتیب پانچ اور تین کامیابیوں کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے۔

گروپ بی میں جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز 38 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ غنی انسٹی ٹیوٹ نے چھ میچوں میں 32 پوائنٹس کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام کیا۔

پاکستان ایئر فورس گروپ سی میں چار کامیابیوں کے ساتھ سرفہرست رہی، جبکہ مِٹ سلوشنز نے تین کامیابیوں کے ساتھ گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

گروپ ڈی میں ساحر ایسوسی ایٹس اور ریلوے نے بالترتیب چار اور تین کامیابیوں کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کر کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

پی اے ایف کے عتیق الرحمان اور عمیر مسعود بالترتیب 674 اور 664 رنز کے ساتھ بیٹنگ میں سرفہرست ہیں۔ عتیق نے دس اننگز میں چار سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بنائیں جبکہ عمیر نے گیارہ اننگز میں تین سنچریاں اور چار نصف سنچریاں بنائیں۔

بولنگ میں ونگ 999 اسپورٹس کے سلو لیفٹ آرم اسپنر محمد طارق خان نے 41 وکٹیں حاصل کیں۔ آف اسپنر شیخ محمد رضا نے 32 وکٹیں حاصل کیں ریلوے کے اسپنر اسد اللہ اور عبداللہ زبیر نے 28، 28 وکٹیں حاصل کیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!