
بگ بیش لیگ: پاکستان کے لیگ اسپنر اسامہ میر ڈرافٹ میں شامل
ویب ڈیسک ; پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر نے ایک بار پھر آسٹریلیا کی مشہور بگ بیش لیگ (BBL) کے آئندہ سیزن کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے اور وہ ڈرافٹ میں شامل کر لیے گئے ہیں۔
گزشتہ برس اسامہ میر نے میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی بولنگ سے عمدہ تاثر چھوڑا تھا اور اس بار بھی میلبرن اسٹارز کی ٹیم انہیں ری ٹین کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
بگ بیش لیگ 2025 کے لیے پلیئرز ڈرافٹ 19 جون کو منعقد ہوگا، جس کے لیے اب تک دنیا بھر سے 600 سے زائد انٹرنیشنل کرکٹرز نے خود کو رجسٹر کرایا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس ڈرافٹ میں شامل ہونے والے نمایاں کھلاڑیوں میں اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور آل راؤنڈر شاداب خان شامل ہیں۔
امکان ہے کہ رواں سیزن بگ بیش لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بھرپور نمائندگی دیکھنے کو ملے گی، جو نہ صرف لیگ کو مزید دلچسپ بنائے گی بلکہ قومی کرکٹرز کو بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔



