کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ویمنز ونگ کو مستقل اسپانسر شپ مل گئی
کے ایچ اے ویمنز ونگ اورمہران بوٹلرزکے درمیان معاہدہ:سپورٹ کرینگے:ذیشان حبیب تیلی

کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ویمنز ونگ کو مستقل اسپانسر شپ مل گئی
کے ایچ اے ویمنز ونگ اورمہران بوٹلرزکے درمیان معاہدہ:سپورٹ کرینگے:ذیشان حبیب تیلی
مستقل اسپانسر شپ ملنے سے خواتین ہاکی کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے میں بہت مدد ملے گی: اسما علی شاہ
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ویمنز ونگ نے خواتین ہاکی کے فروغ کے سلسلے میں بڑی کامیابی حاصل کر لی، مہران بوٹلرز کے سی ای او ذیشان حبیب تیلی نے ویمنز ونگ کی مستقل سرپرستی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کراچی میں خواتین ہاکی کے ترقیاتی پروگرامز کے لیے مستقل اسپانسر شپ کا اعلان کر دیا۔
اس سلسلے میں چیئرپرسن کراچی ہاکی ایسوسی ایشن و صدر سندھ ویمنز ونگ،ایم این اے سیدہ شہلا رضا نے ذیشان حبیب تیلی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی معاونت سے خواتین کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں اپنی اسکلز میں اضافے اور صلاحیتوں میں نکھار کا موقع ملے گا۔
صدر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سید امتیاز علی شاہ نے بھی اس اہم پیش رفت پر ویمنز ونگ کی کاوشوں کو سراہا۔صدر کے ایچ اے ویمنز ونگ مسز اسما علی شاہ کا کہنا تھا کہ مستقل اسپانسر شپ ملنے سے خواتین ہاکی کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور نوجوان لڑکیوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا ہونے میں مدد ملے گی۔
ویمنز ونگ کی جانب سے نیشنل گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں غلامان عباس کلب اور کے ایچ اے انڈر-15 بوائز کے درمیان میچوں کی سیریز کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کے لیے تربیتی کیمپ ہیڈ کوچ نعیم احمد کی نگرانی میں جاری ہے۔
دوسری جانب سی ای او اے او کلینک ڈاکٹر عمران علی شاہ نے خواتین کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور مزید اسپانسرز لانے کی یقین دہانی کرائی۔
امریکا سے آئے ممتاز بزنس مین فیصل ندیم نے بھی ویمنز ونگ کی کارکردگی اور سرگرمیوں کو سراہا جبکہ اولمپیئن وسیم فیروز نے باقاعدہ تربیتی کیمپوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں اولمپیئن حنیف خان نے کے ایچ اے ویمنز ونگ کا لوگو ذیشان حبیب تیلی اور ڈاکٹر عمران علی شاہ کو پیش کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حاجرہ نواب نے معزز مہمانوں کو گلدستے پیش کئے اور مسز اسما علی شاہ نے ذیشان حبیب تیلی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
بعد ازاں سیکریٹری ویمنز ونگ بتول کاظم نے ذیشان حبیب تیلی، ڈاکٹر عمران علی شاہ، حاجرہ نواب سمیت دیگر مہمانوں کے ہمراہ اسپورٹس ایرینا کا دورہ کروایا جنہوں نے سہولیات کو قابل تحسین قرار دیا آخر میں کے ایچ اے ویمینز ونگ کی سیکرٹری بتول کاظم نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر عرفان طاہر، کشمالہ بتول، سید امتیاز الحسن اور فیضان صغیر حسین اور دیگر بھی موجودتھے۔



