کرکٹ

نیوزی لینڈ نے 17 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کو ون ڈے سیریز میں شکست دے دی

نیوزی لینڈ نے 17 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کو ون ڈے سیریز میں شکست دی

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 12 سال بعد مجموعی طور پر جب کہ 17 سال بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز جیت کر کرکٹ مداحوں کو خوش کردیا۔

ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم نے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

میچ کا آغاز انگلینڈ کے لیے مایوس کن رہا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ کی بیٹنگ لائن محض 36 اوورز میں 175 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

جیمی اوورٹن نے 42 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ کپتان ہیری بروک 34 رنز بنا سکے۔ تجربہ کار بلے باز جو روٹ 25، جیکب بیتھل 18، سیم کرن 17 اور جیمی اسمتھ 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ دیگر کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی نہ چھو سکے۔

نیوزی لینڈ کے بولرز نے کھیل میں انگلینڈ کی بیٹنگ تباہ کر دی۔ بلیئر ٹکنر نے 4 وکٹیں حاصل کر کے شاندار کارکردگی دکھائی جب کہ نیتھن اسمتھ نے 2 اور جیکب ڈفی، ذاکری فوکس، مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو ابتدا میں نقصان ضرور ہوا جب اوپنر ول ینگ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، مگر اس کے بعد رچن رویندرا (54) اور ڈیرل مچل (56 ناٹ آؤٹ) نے ٹیم کو جیت کی راہ پر ڈال دیا۔

کپتان مچل سینٹنر نے بھی برق رفتار 34 رنز بنا کر فتح پر مہر ثبت کی۔ نیوزی لینڈ نے ہدف 33.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3، عادل رشید اور جیمی اوورٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ فتح نیوزی لینڈ کے لیے تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے آخری بار انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز 2013 میں جیتی تھی جب کہ ہوم گراؤنڈ پر 2008 کے بعد انگلینڈ کے خلاف پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!