پشاور سپورٹس کمپلیکس میں فلڈ لائٹ فٹبال میچ کا شاندار انعقاد
مشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد ترند نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے


پشاور سپورٹس کمپلیکس میں فلڈ لائٹ فٹبال میچ کا شاندار انعقاد
مشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد ترند نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) فلڈ لائٹ فٹبال میچ میں مشیر کھیل الیون نے دلچسپ مقابلے کے بعد ڈی جی اسپورٹس الیون کو ایک صفر سے شکست دے دی۔ سنسنی خیز مقابلے میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا،
تاہم مشیر کھیل الیون نے فیصلہ کن گول کر کے کامیابی اپنے نام کر لی۔میچ کے اختتام پر مشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد ترند نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈی جی اسپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر، اے ڈی فنانس شاہ فیصل، ایڈمنسٹریٹر یوسف آفریدی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ منیر عباس اور فٹبال کوچ اسسٹنٹ ڈائریکٹرشکور خان بھی موجود تھے۔
یہ نمائشی میچ فٹبال گراﺅنڈ میں فلڈ لائٹ انسٹالیشن کے بعد منعقد کیا گیا، جس کا مقصد رات کے اوقات میں کھیلوں کو فروغ دینا اور کھلاڑیوں کے لیے جدید سہولیات فراہم کرنا تھا۔
اس موقع پر مشیر کھیل تاج محمد ترند نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں کھلاڑیوں کو معیاری سہولیات اور زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فٹبال سمیت تمام کھیلوں کی ترقی کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ خیبرپختونخوا کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کر سکیں۔
میچ دیکھنے کے لیے شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد گراﺅنڈ میں موجود تھی جنہوں نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ فلڈ لائٹس کی روشنیاں اور شاندار کھیل نے تقریب کو ایک یادگار شام میں بدل دیا۔



