آئی ٹی ٹی ایف پارٹیسپیشن پروگرام، کراچی میں گراس روٹس ٹیبل ٹینس کے فروغ کا باعث، محسن رضا

آئی ٹی ٹی ایف پارٹیسپیشن پروگرام،
کراچی میں گراس روٹس ٹیبل ٹینس کے فروغ کا باعث، محسن رضا۔
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن (ITTF) نے پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن (PTTF) کو بنیادی سطح پر ٹیبل ٹینس کے فروغ کا خصوصی مشن سونپا، جس کے تحت یکم سے 10 نومبر 2025 تک فاطمیہ اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں آئی ٹی ٹی ایف پارٹیسپیشن پروگرام کامیابی سے منعقد کیا گیا۔
فیڈریشن کے صدر احمر ملک نے اس اہم ذمے داری کے لیے نائب صدر محسن رضا کو نامزد کیا، جنہوں نے پُرجوش شرکا کے ایک بڑے گروہ کے ساتھ اپنا قیمتی تجربہ شیئر کیا۔
پروگرام میں بنیادی تکنیک، صحت کے فوائد اور زندگی سے متعلق سیکھنے والے اسباق پر خصوصی توجہ دی گئی،جن میں جسمانی مضبوطی، ذہنی استقامت، اسٹریس مینجمنٹ اور ریلّی بلڈنگ ٹیکنیکس شامل تھیں۔
کوچ محسن رضا نے کہا: "ٹیبل ٹینس صرف ایک کھیل نہیں، یہ ہمیں زندگی کے چیلنجز کا چُستی اور ذہانت سے مقابلہ کرنا سکھاتا ہے۔ ہم نے شرکا کو یہ سمجھایا کہ آغاز کیسے کریں، یہ کھیل کیوں اہم ہے اور روزمرہ زندگی کو کیسے بہتر بناتا ہے۔
نائب صدر پی ٹی ٹی ایف محسن رضا نے آئی ٹی ٹی ایف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی پروگرام ممالک کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے صدر احمر ملک کا بھی شکریہ ادا کیا کہ کراچی کو اس سنگِ میل پروگرام کی میزبانی کا موقع فراہم کیا۔



