
فاسٹ بولر زمان خان کندھے کی انجری کا شکار، پی ایس ایل شرکت مشکوک
پاکستان کے فاسٹ بولر زمان خان نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے جس کے باعث ان کی پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن میں شرکت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق زمان خان پشاور اور فیصل آباد کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران زخمی ہوئے جہاں ان کے کندھے کا جوڑ اتر گیا جس کے بعد انہیں فوری طبی معائنہ اور علاج کی ضرورت پیش آئی۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ زمان خان کو لاہور میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں بورڈ کا میڈیکل پینل ان کی مکمل جانچ پڑتال کرے گا اور ان کی بحالی کے لیے ری ہیبیلیٹیشن پلان تیار کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق زمان خان کی مکمل فٹنس کی بحالی میں 4 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں جس کے باعث ان کی پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے امکانات غیر یقینی ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ زمان خان پاکستان سپر لیگ میں راولپنڈی کی ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ تھے اور ان کی ممکنہ غیر موجودگی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق فاسٹ بولرز کے لیے کندھے کی انجری ایک حساس مسئلہ تصور کیا جاتا ہے اور مکمل بحالی کے بغیر میدان میں واپسی کھلاڑی کے لیے مزید خطرات پیدا کر سکتی ہے۔



