کرکٹ

بنگلا دیش کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست پر کپتان شاہین آفریدی کا ردعمل

بنگلا دیش کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست پر کپتان شاہین آفریدی کا ردعمل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے بنگلا دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں شکست کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم توقعات کے مطابق کھیل پیش نہیں کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر بیٹنگ لائن مطلوبہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی جس کے باعث سیریز ہاتھ سے نکل گئی۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ کھیل کے اہم لمحات میں ٹیم صورتحال کو اپنے حق میں تبدیل نہ کر سکی اور کئی مواقع ضائع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں چھوٹی غلطیاں بھی میچ کا رخ بدل دیتی ہیں اور اسی وجہ سے ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا۔

واضح رہے کہ ڈھاکا میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں میزبان بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 291 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم اچھی مزاحمت کے باوجود 9 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز تک ہی پہنچ سکی اور یوں بنگلا دیش نے یہ میچ جیت کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

شاہین آفریدی نے بنگلا دیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میزبان ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور انہیں جیت پر مبارکباد دی جانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں ہر میچ ایک نیا تجربہ فراہم کرتا ہے اور ٹیم کو اس سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم اس وقت نئے اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو ابھی تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔ اگرچہ ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم کھلاڑیوں نے میدان میں اچھی لڑائی لڑی اور آئندہ مقابلوں میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی توجہ اب آنے والے مقابلوں پر مرکوز ہے ۔ کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھ کر مستقبل میں بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!