کرکٹ

بنگلادیش سے شکست کے بعد شان مسعود کی کپتانی خطرے میں پڑگئی؟

بنگلادیش سے شکست کے بعد شان مسعود کی کپتانی خطرے میں پڑگئی

بنگلادیش کے ہاتھوں مسلسل دوسری ٹیسٹ شکست نے پاکستان کرکٹ میں ایک نئی ہلچل پیدا کر دی ہے جبکہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیاں بھی شدت اختیار کر گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ ناکامیوں اور بڑھتی ہوئی تنقید کے باعث شان مسعود قیادت چھوڑنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں اور ان کے مستعفی ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی ٹیم کو سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں بھی مایوس کن انجام کا سامنا کرنا پڑا جہاں میزبان بنگلادیش نے 437 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ قومی بیٹنگ لائن ہدف کے تعاقب میں دباؤ برداشت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 358 رنز پر ڈھیر ہوگئی،

یوں پاکستان کو 78 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کامیابی کے ساتھ بنگلادیش نے 2 میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-2 سے کلین سوئپ کر دیا۔

شان مسعود کی قیادت میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی پہلے ہی سوالات کی زد میں تھی، تاہم بنگلادیش کے خلاف بدترین ناکامی کے بعد تنقید میں مزید شدت آ گئی ہے۔

دسمبر 2023 میں ٹیسٹ کپتانی سنبھالنے والے شان مسعود اب تک 16 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں لیکن ان میں پاکستان صرف 4 مقابلوں میں کامیابی حاصل کر سکا جبکہ 12 میچز میں شکست اس کا مقدر بنی۔

کرکٹ حلقوں میں یہ تاثر بھی زور پکڑ رہا ہے کہ ٹیم کے مسلسل ناقص نتائج نے کپتان پر ذہنی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ سابق کھلاڑیوں اور شائقین کی جانب سے بھی قومی ٹیم کی حکمتِ عملی،

انتخاب اور میدان میں فیصلوں پر کڑی تنقید سامنے آ رہی ہے، جس کے بعد پاکستان کرکٹ میں ایک بار پھر بڑی تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!