کرکٹ

ویمنز ایشیا کپ : پاکستان کی بیٹنگ فلاپ، بھارت نے 7 وکٹوں سے شکست دیدی

ویمنز ایشیا کپ میں پاکستان کی بیٹنگ فلاپ، بھارت نے 7 وکٹوں سے شکست دیدی

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026 کے اہم مقابلے میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستانی ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ کے اپنے کم ترین اسکور 55 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

دبئی میں کھیلے گئے ویمنز ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم قومی ٹیم کا یہ فیصلہ فائدہ مند ثابت نہ ہوسکا اور بھارتی بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی سے دباؤ میں رکھا۔

پاکستان کی پوری ٹیم صرف 55 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان ویمنز ٹیم کا کم ترین مجموعی اسکور ہے۔قومی ٹیم کی جانب سے شوال ذوالفقار 14 اور منیبہ علی 13 رنز بنا کر نمایاں رہیں،

جبکہ دیگر بیٹرز بھارتی بولنگ کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکیں۔ کپتان فاطمہ ثنا سمیت 4 پاکستانی کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹیں، جبکہ پاکستان کی 9 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں۔

گل فیروزہ، نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال اور کپتان فاطمہ ثنا صفر پر آؤٹ ہوئیں، جبکہ عائشہ ظفر 2، صدف شمس 3، ایمان فاطمہ 5 اور ام ہانی 6 رنز بنا سکیں۔

بھارت کی جانب سے شری چرنی اور پریما راوت نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بکھیر دیا۔

56 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں بھارتی ویمنز ٹیم نے صرف 8.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔بھارتی کپتان ہرمن پریت کور 18 اور دپتی شرما 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

شفالی ورما 12، سمرتی مندھانا 9 جبکہ پراتیکا راول 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے تینوں بھارتی وکٹیں حاصل کیں،

تاہم قومی ٹیم کا انتہائی کم اسکور بولرز کے لیے بھی ناقابلِ دفاع ثابت ہوا۔واضح رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ میں اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا،

تاہم روایتی حریف بھارت کے خلاف قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان کے لیے اب ہانگ کانگ کے خلاف میچ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلوں کے باہمی ریکارڈ میں بھارت کو واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 17 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں، جن میں بھارت نے 14 جبکہ پاکستان نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!