برمنگھم ٹیسٹ :پاکستان کو شکست،انگلینڈ نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا
میزبان ٹیم نے تین میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی، پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی بھی شکست نہ ٹال سکی

برمنگھم میں بھی پاکستان کو شکست،انگلینڈ نے پہلی بارہوم سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کردیا
انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دیکر پہلی بارہوم سیریز میں وائٹ واش کردیا۔ برمنگھم ٹیسٹ میں پاکستان کی آخری مزاحمت بھی دم توڑ گئی اور انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے تین میچز کی سیریزتین صفرسے اپنے نام کرلی۔
130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محمد عباس نے ابتدائی دو وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کے لیے امید ضرور جگائی، لیکن جو روٹ اور جورڈن کاکس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو باآسانی فتح دلا دی۔
برمنگھم ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 130 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد عباس نے شاندار آغاز کرتے ہوئے انگلینڈ کے دونوں اوپنرز کو جلد پویلین بھیج دیا،
جس سے میچ میں سنسنی پیدا ہوگئی۔تاہم اس کے بعد جو روٹ اور جورڈن کاکس نے پاکستانی بولرز کو مزید کوئی موقع نہ دیا۔ جورڈن کاکس نے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جو روٹ 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کے لیے ذمہ دارانہ شراکت قائم کی اور انگلینڈ کو صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف تک پہنچا دیا۔اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریزتین صفر سے اپنے نام کرلی
اور پہلی مرتبہ اپنی سرزمین پر پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش مکمل کیا۔اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 449 رنز بنائے تھے۔ رضا اللہ نے ٹیسٹ ڈیبیو پر 63 گیندوں پر 81 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی،
جس میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ نے پاکستان کو ایک اننگز کی شکست سے بچایا اور انگلینڈ کے سامنے 130 رنز کا ہدف رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 95، بابر اعظم نے 76 جبکہ اذان اویس نے 59 رنز بنائے۔ محمد عباس نے بھی 42 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے اٹکنسن نے 3، اولی رابنسن، جوش ٹنگ اور لارنس نے 2،2 جبکہ جوفرا آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔خیال رہے میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
جواب میں انگلینڈ نے 453 رنز بنا کر 320 رنز کی بڑی برتری حاصل کی، جس کے بعد پاکستان کے لیے میچ میں واپسی انتہائی مشکل ہوگئی تھی۔
یوں پاکستان نے سیریز کا اختتام تینوں ٹیسٹ میچز میں شکست کے ساتھ کیا، جبکہ انگلینڈ نے اپنی سرزمین پر پاکستان کے خلاف تاریخی وائٹ واش مکمل کرلیا۔
رضااُللہ کی یادگار ڈیبیو اننگز نے پاکستان کو میچ میں واپسی کا موقع تو دیا، لیکن انگلینڈ کی مضبوط بیٹنگ نے آخرکار سیریز کا فیصلہ یکطرفہ انداز میں اپنے حق میں کردیا۔
بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف شکست کی وجوہات بتادیں
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں لین روٹ اور جارڈن نے اچھا کھیل پیش کیا ہم نے ابتدا میں دو وکٹیں حاصل کرلی تھیں، تاہم وکٹ پر گھاس موجود ہونے کی وجہ سے تین فاسٹ بالرز کو کھلایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں، کیونکہ انگلینڈ میں بلے بازوں اور فاسٹ بالرز دونوں کے لیے حالات مشکل ہوتے ہیں۔
بابراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنے اور بہترین پلیئنگ الیون کا تعین کرنے کی ضرورت ہے۔ نئے کھلاڑیوں نے بھی اچھا کھیل پیش کیا ہے، جن کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2025-27 پوائنٹس ٹیبل ;
آسٹریلیا 10 میچز میں 8 جیت اور 2 شکستوں کے ساتھ 96 پوائنٹس اور 80.00 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے۔
دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ 4 میچز میں 3 جیت کے ساتھ 36 پوائنٹس اور 75.00 فیصد کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ 6 میچز میں 4 جیت، ایک شکست اور ایک ڈرا کے ساتھ 52 پوائنٹس اور 72.22 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
بنگلہ دیش 6 میچز میں 3 جیت کے ساتھ 40 پوائنٹس اور 56.55 فیصد کے ساتھ چوتھے، بھارت 11 میچز میں 5 جیت کے ساتھ 68 پوائنٹس اور 51.52 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ انگلینڈ 16 میچز میں 7 جیت کے ساتھ 74 پوائنٹس اور 38.54 فیصد کے ساتھ چھٹے،
سری لنکا 6 میچز میں ایک جیت کے ساتھ 24 پوائنٹس اور 33.33 فیصد کے ساتھ ساتویں،
ویسٹ انڈیز 12 میچز میں 2 جیت کے ساتھ 30 پوائنٹس اور 20.83 فیصد کے ساتھ 8ویں جبکہ پاکستان 9 میچز میں صرف 2 جیت کے ساتھ 16 پوائنٹس اور 14.81 فیصد کے ساتھ 9یں یعنی سب سے آخری نمبر پر ہے۔



