
پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو 122 رنز سے شکست دے دی
پاکستان انڈر 19 نے دوسرے یوتھ ون ڈے میں انگلینڈ انڈر 19 کو 122 رنز سے شکست دے کر سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.2 اوورز میں 308 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 37.1 اوورز میں 186 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز میں عبدالقادر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 گیندوں پر 146 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 12 چھکے شامل تھے۔
حَیام خان نے 27 گیندوں پر 37 رنز بنائے، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز حمزہ ظہور نے 49 گیندوں پر 55 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
احمد حسین نے 28 رنز بنائے جبکہ کپتان فرحان یوسف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انگلینڈ کی جانب سے ٹام ایڈورڈز، لیوک ہینڈز اور جارج ہیرس نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ انڈر 19 کی بیٹنگ لائن پاکستان کے باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔
روبی بومن نے مزاحمت کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے، تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
ہیری والیس 21، لیو سیلوے کلنٹن 19، سبھان علی 15 اور جیک نیلسن 12 رنز بنا سکے جبکہ انگلینڈ کی پوری ٹیم 37.1 اوورز میں 186 رنز پرآؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد سیام نے 9 اوورز میں 56 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، رضوان اللہ نے 8 اوورز میں صرف 32 رنز دے کر3 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، جبکہ نقاب شفیق نے 2 اوراحمد حسین نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرا یوتھ ون ڈے بھی 122 رنز سے جیت کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو پہلے یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں 177 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کردیا تھا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے شاندار 151 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 136 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15 چوکے اور 4 چھکے لگائے تھے۔
کپتان فرحان یوسف نے بھی 115 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ عبدالقادر نے صرف 13 گیندوں پر 26 رنز بنائے تھے۔



