کرکٹ

18 مارچ سے پی ایس ایل 12 کا آغاز، پی سی بی کا باضابطہ اعلان

میگا ایونٹ میں 8ٹیمیں شریک ہوں گی، پلیئر آکشن کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا، پی سی بی

پی ایس ایل 12 کا میلہ 18 مارچ سے سجے گا، پی سی بی نےتاریخوں کا اعلان کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے 12 ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔پاکستان میں ایک بار پھر کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ سجنے کو تیار ہے، جہاں آٹھ ٹیمیں ایک بار پھر ٹرافی کے لیے میدان میں اتریں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے بارہویں ایڈیشن کی ونڈو فائنل کردی ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا آغاز 18 مارچ 2027 سے ہوگا اور ایونٹ 2 مئی تک جاری رہے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 12 مسلسل دوسری مرتبہ 8 ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا۔

لیگ کی تاریخوں کو پی ایس ایل گورننگ کونسل اور تمام فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا،

جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندگان نے شرکت کی، جس کے بعد ٹورنامنٹ کی تاریخوں کو حتمی شکل دی گئی۔پی ایس ایل 12 میں مسلسل دوسری مرتبہ آٹھ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

گزشتہ سیزن میں پہلی بار آٹھ ٹیموں کے فارمیٹ کے ساتھ ساتھ پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل نے 32 ہزار 461 تماشائیوں کی ریکارڈ حاضری بھی دیکھی۔

پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل پشاور زلمی نے اپنے نام کیا تھا۔ زلمی نے فائنل میں پی ایس ایل کی نئی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کو اس لیگ کی صلاحیت دکھائی، جہاں سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ ریکارڈ کراؤڈ اور براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ بھی قائم ہوئے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی سی بی 2027 میں ایک اور شاندار سیزن منعقد کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ گزشتہ سیزن نے شائقین کی توقعات کو نئی سطح تک پہنچایا اور 2027 میں ان توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی جائے گی۔

پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان صرف پہلا مرحلہ ہے، اس کے بعد ڈائریکٹ سائننگز، ریٹینشنز، ٹریڈ ونڈو اور پلیئر آکشن کے مراحل شائقین کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے شیڈول، میچ وینیوز اور ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی، جبکہ کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگز اور آکشن سے متعلق اعلانات بھی مرحلہ وار سامنے آئیں گے۔

اب آٹھوں فرنچائزز کی نظریں نئی ٹیموں کی تشکیل اور کھلاڑیوں کے انتخاب پر ہوں گی، جبکہ شائقین کے لیے پی ایس ایل 12 کا باقاعدہ کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوچکا ہے۔

تو تیار ہوجائیے ایک اور سنسنی خیز کرکٹ سیزن کے لیے، کیونکہ پی ایس ایل 12 کا میلہ 18 مارچ 2027 سے سجے گا اور 2 مئی تک کرکٹ کا جنون عروج پر رہے گا۔

پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز اور پلیئر آکشن کا اعلان آئندہ ماہ کیا جائے گا جبکہ شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ کی تفصیلات بعد میں جاری ہوں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس پشاور زلمی نے 9 سال بعد پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پشاور زلمی نے فائنل میں پی ایس ایل میں پہلی بار شرکت کرنے والی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!