پاکستانی باکسنگ کا فخر عثمان وزیر کی اقراء یونیورسٹی کراچی آمد

پاکستانی باکسنگ کا فخر عثمان وزیر کی اقراء یونیورسٹی آمد،
ڈاکٹر سید شیراز الحسن موہانی سے ملاقات۔
اقراء یونیورسٹی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے
اور ادارہ نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ عثمان وزیر
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) اقراء یونیورسٹی کے مین کیمپس میں پاکستان کے نامور پروفیشنل باکسر عثمان وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ عثمان وزیر، جو بین الاقوامی سطح پر "ایشین بوائے” کے لقب سے مشہور ہیں۔
اقرا یونیورسٹی کا دورہ اپنے کیریئر کے تجربات نوجوانوں سے شیئر کرنے، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں میں اعلیٰ معیار کے فروغ کے مقصد سے کیا۔
دورے کے دوران، عثمان وزیر نے اقراء یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس، ڈاکٹر سید شیراز الحسن موہانی سے ملاقات کی، اسپورٹس سہولیات کا جائزہ لیا اور طلبہ سے اپنے پروفیشنل باکسنگ کے سفر پر خطاب کیا۔ انہوں نے نظم و ضبط، محنت اور ثابت قدمی کو کامیابی کی کنجی قرار دیا۔
ڈاکٹر سید شیراز الحسن موہانی نے عثمان وزیر کو بھارتی باکسر پر شاندار فتح کے بعد اپنے ناقابلِ شکست ریکارڈ کو 16-0 تک بڑھانے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کھیلوں کے شعبے خصوصاً یونیورسٹی سطح پر درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اقراء یونیورسٹی کس طرح اسکالرشپس اور طلبہ کی مختلف سطح پر شرکت کے ذریعے کھیلوں کو فروغ دے رہی ہے۔
عثمان وزیر نے یونیورسٹی کی کھیلوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور جڑ کی سطح پر کھیلوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل کھیلوں میں روشن ہے لیکن تعلیمی اداروں کو نئی نسل کے چیمپئنز بنانے میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ طلبہ کو عثمان وزیر سے براہ راست ملاقات اور سوالات کا موقع ملا، جس کے بعد ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
ان کے ہمراہ اس تقریب میں پاکستان کے لیجنڈری باکسر علی بخش بلوچ، قومی باکسنگ ٹیم کے کوچ، دوست محمد بلوچ، رحمت جان، تحسین احمد، افشاں فاطمہ، فرقان رضا، محمد رفیق، میڈیا کوآرڈینیٹر کاشف احمد فاروقی، معاذ خان،
ماہم نور اور باکسر موہدسا (بی بی) بھی موجود تھے۔ ان تمام شخصیات نے اقراء یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ایک قومی ہیرو نے ہماری یونیورسٹی کا دورہ کیا
اور ان کی موجودگی نے نوجوان کھلاڑیوں میں جوش و جذبہ پیدا کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
اقراء یونیورسٹی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور عثمان وزیر کا یہ دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارہ نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔



