
پی ایس ایل x : اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے ہرا دیا
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 30 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 252 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جسے وہ حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 172 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 43 اور عباس آفریدی 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے چار جب کہ عماد وسیم اور سلمان ارشاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
یونائیٹڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز دھواں دار 88 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صاحبزادہ فرحان 73، کپتان شاداب خان 42، سلمان آغا 7 اور رسی وین ڈر ڈوسین 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حیدر علی 19 اور بین ڈوارشوئس 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
کنگز کی جانب سے میر حمزہ، عامر جمال اورخوشدل شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر دس دس میچز کھیلنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 15 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔ 12، 12 پوانٹس کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے جب کہ کراچی کنگز تیسرے نمبر پر ہے۔ جب کہ لاہور قلندرز گیارہ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آئی ہے۔
پی ایس ایل کے پہلے کوالیفائنگ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔ جب کہ پہلے ایلیمینیٹر میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا مقابلہ ہو گا۔
پی ایس ایل میں آج کے میچ کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کے متعلق منسوب کیا گیا تھا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پنک رنگ کی کٹ پہن کر میدان میں اتری تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ ; کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، حیدر علی، عماد وسیم، بین ڈوریشز، محمد غازی غوری، سلمان ارشاد، ٹائمل ملز۔
کراچی کنگز سکواڈ ; کپتان ڈیوڈ وارنر، ٹم سیفرٹ، سعد بیگ، خوشدل شاہ، محمد عرفان خان، محمد نبی، عامر جمال، محمد عباس آفریدی، حسن علی، میر حمزہ۔



