Category: زمرے کے بغیر

  • کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا میلہ کراچی نے لوٹ لیا

    کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا میلہ کراچی نے لوٹ لیا


    کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) فحدث بخاری اور بہادر علی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ہوم ایج کراچی کے شہزادے کو کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی کے ہمراہ 5لاکھ روپے کے کیش ایوارڈکا حقدار بنادیا۔برج پاورحیدرآباد کے شہزادے رنر اپ رہے انہیں ڈھائی لاکھ روپے کا کیش پرائز ملا۔قبل ازیں سلو لیفٹ آرمرمحمد سلمان نے نہ صرف برج پاور حیدرآباد کے شہزادے کورنز بنانے سے باز رکھا بلکہ 5وکٹیں بھی اپنے نام کرکے مین آف دی فائنل کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے اننگز کا آغاز کیا جو انتہائی مایوس کن تھا دنوں اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔دانیال راجپوت نے 39گیندوں پر 34رنز کی ذمہ دارانہ اننگز 2چوکوں اور ایک چھکے کی مدد ست کھیلی ۔آصف محمود نے 14گیندوں پر 32برق رفتار رنز بنائے۔ابرار احمد کراچی کنگ کے دوسرے کامیاب بولر ثابت ہوئے انہوں نے 18رنز پر 2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔جوابی اننگز میں کراچی کے شہزادے کا بھی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور دونوں اوپنر اسکور میں 22رنز کا اضافہ کرکے پویلین سدھار گئے۔ تاہم فحدث بخاری اور بہادر علی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 57رنز جوڑے۔ فحدث بخاری نے 47رنز کی ناقابل شکست اننگز میں 4چوکے رسید کئے۔ اور بہادر علی کی 32رنز کی اننگز جارحانہ تھی جس میں 2چھکے اور 2ہی چوکے شامل تھے۔ عماد عالم 223رنز بنا کر بہترین بیٹسمین بنے انہیں 15ہزارروپے کا کیش ایوارڈ ملا۔ کراچی ہی کہ محمد سلمان 14وکٹ لیکر بہترین بولر، بہترین آل راؤنڈ حیدرآباد کے دانیال راجپوت رہے جنہوںنے 183رنز اسکور کئے اور 4وکٹیں اپنے نام کیں۔کراچی کے حارث علی خان کو بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔قبل ازیں کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں سکھر نے نوابشاہ کو 30رنز سے شکست دی۔فائنل کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسمٰعیل تھے ۔

    مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میںکہا کہ ماضی میں ہم نے کراچی کے میدان کھوئے ۔ گراؤنڈ پر قبضہ ہوئے۔ آج حالات بدل گئے ہیں اور کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہورہے ہیں۔ گورنر سندھ نیا ناظم آباد میں مذکورہ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکراچی کی رونقوں کی بحالی میں حصہ ڈالنے والوں کا شکرگذار ہوں۔ کراچی کے بعد اندرون سندھ سے نیا ٹیلنٹ لانے کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔سابق قومی کپتان شاہد خان آفریدی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرون سندھ میں بھی بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔سندھ حکومت ایسے کھلاڑیوں کیلئے اکیڈمیاں قائم کرے۔ایک او رسابق کپتان محمد یونس خان نے کہا کہ ابھرے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ملک میں کلب کرکٹ کا ڈھانچہ تبدیل کیا جائے۔ تقریب میں میئر کراچی وسیم اختر،سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف، ڈائریکٹر کوچنگ،کراچی کنگز،سی ای او کراچی کنگز طارق وسیع،منیجر کراچی کنگز نوید رشید،ٹیسٹ کرکٹرفیصل اقبال کے علاوہ معروف بزنس مین عارف حبیب اور عقیل کریم ڈھیڈھی ودیگر کراچی کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔

  • صوبائی وزیر کھیل کا ننھی سوئمر کے خط پر ایکشن، پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی مفت رکنیت دینے کا اعلان

    صوبائی وزیر کھیل کا ننھی سوئمر کے خط پر ایکشن، پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی مفت رکنیت دینے کا اعلان

    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ مرد وخواتین اتھلیٹس کو برابر کے حقوق حاصل ہیں وہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے فراہم کی گئی اعلیٰ معیار کی سہولتوں سے استعفادہ حاصل کرسکتے ہیں، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ننھی سوئمر اُسوہ صدیق کو پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی مفت رکنیت دینے کا اعلان کیا، اُسوہ صدیق نے گزشتہ روز صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی سے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ملاقات کی،ننھی سوئمر اُسوہ صدیق نے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کو خط لکھا تھا جس میں اس نے درخواست کی تھی کہ وہ تیراکی کرنا چاہتی ہے جس کے لئے اسے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی رکنیت دی جائے

    جس پر صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ایکشن لیتے ہوئے ننھی سوئمر اُسوہ صدیق کو پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی مفت رکنیت دینے کا اعلان کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ میں سپورٹس کا انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے تیزی سے کام کررہی ہے، سپورٹس کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے یونین کونسل کی سطح سے کام شروع کریں گے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں، خواتین بھی سپورٹس کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں اور انہوںنے مختلف میڈلز جیت کر ثابت کیا ہے کہ وہ ہر شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں

    طالبہ اُسوہ صدیق نے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے میری دیرینہ خواہش پوری کردی ہے، میں پوری کوشش کروں گی کہ سوئمنگ کے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کا نام روشن کروں۔صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے گزشتہ شب قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندر کے پلیئر ڈویلمپنٹ پروگرام کے فائنل کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، مشیر وزیراعلیٰ اکرم چودھری، انضمام الحق، شعیب اختر،کرنل اشفاق، کرنل ایاز اور دیگر بھی موجود تھے

    صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اس موقع پر موٹرسائیکل کی قرعہ اندازی بھی کی۔صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی سے ہواوے پنجاب کے مینجنگ ڈائریکٹر مسٹر لیون نے بھی ملاقات کی اور سپورٹس کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا، فیصل آباد کے سپورٹس اور کلچر ونگ کے وفد نے مرزا خالد کی سربراہی میں ملاقات کی اور سپورٹس کے فروغ کے حوالے بات چیت کی گئی۔

  • خواتین ہائی پر فارمنس کیمپ کیلئے27کرکٹرز کا اعلان

    خواتین ہائی پر فارمنس کیمپ کیلئے27کرکٹرز کا اعلان

    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) جلال الدین کی سربراہی میں خواتین سلیکشن کمیٹی نے ہائی پر فارمنس کیمپ کے لئے27 کرکٹرز کا اعلان کردیا ہے۔ کپتان بسمہ معروف کیمپ کا حصہ نہیں ہیں۔ ہائی پرفارمنس کیمپ12 سے29 ستمبر تک جاری رہے گا۔ بیٹنگ کنسلٹنٹ اینڈی رچرڈز 12ستمبر کو کیمپ جوائن کریں گے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بسمہ آپریشن کے باعث کیمپ سے باہر ہیں انہیں چھ ہفتے آرام کو مشورہ دیا گیا ہے۔ کیمپ کے لئے ناہیدہ خان، عائشہ ظفر، جویریہ ، ارم جاوید، منیبہ علی، جویریہ خان، حفضہ خالد، انعم امین، غلام فاطمہ، رامین شمیم، صبا نادر، ڈیانا بیگ، ماہم طارق، ایمن انور، وحیدہ اختر، صائمہ اسحاق، سدرہ امین، عمیمہ سہیل، ندا ڈار، ثنا میر، سبحانہ طارق، کائنات امتیاز، نتالیہ پرویز، عالیہ ریاض، سدرہ نواز، فریحہ محمود، نشرہ سندھو شامل ہیں۔

  • پہلی انٹرنیشنل قراقرم میراتھن جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم

    پہلی انٹرنیشنل قراقرم میراتھن جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم

    اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پہلی انٹرنیشنل قراقرم میراتھن کی تقسیمِ انعامات کی تقریب سرینا ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان ِ خصوصی تھے۔ مہمانِ خصوصی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس شاندار ایونٹ کے انتظامات پر اسپانسرز اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر ملکی مہمان پاکستان بہترین یادیں سمیٹ کر لے جائیں گے اورہماری روایتی میزبانی کے جذبوں کو بھی یاد رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مقابلوں میں حصہ لینے ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کا بھی باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نلتر وادی کو سرمائی کھیلوں کا مرکز بنانا چاہتی ہے اور مستقبل میں بھی اس خوبصور ت علاقے میں اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

    42KM کی ریس میں اسلم خان نے سونے جبکہ اسحاق خان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔کانسی کا تمغہ عبیدالرحمان کے حصے میں آیا۔خواتین کی کٹیگری میں کیرولین ڈریو نے سونے کا تمغہ اور ہیتھرلی نے چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ ایڈٹ کس نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 21KM کی دوڑ میں شاہد علی نے سونے کا جبکہ عدنان خان اور نذر شاہ نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ اسی کیٹگری کے خواتین کے مقابلوں میں نادیہ رحیم ، کوکب سرور اور ثوبیہ علی بالترتیب سونے ، چاندی اور کانسی کے تمغوں کی حامل قرار پائیں۔ اپنی نوعیت کی یہ منفردمیراتھن ریس سطح سمندر سے11300فٹ کی بلندی پر نلتر کی خوبصور ت وادی میں منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ نے بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی، زیڈ ایڈوانچر اور سیرینا ہوٹلز کے باہمی اشتراک سے یہ مقابلے منعقد کروائے۔ اس ریس میں کل 150اتھلیٹس نے حصہ لیا جن میں جرمنی ، ہنگری ،ٹرینیڈاڈ ، اٹلی، امریکہ،ڈنمارک ،برطانیہ، آسٹریلیا ، بیلجیم ،مصر، تونیسیا، فیرو آئی لینڈ ، پولینڈ، قطر ، یو اے ای، ارجنٹینا ، آئرلینڈ، تائیوان ، چائنا ، سکاٹ لینڈ اورنیدر لینڈکے رنرز بھی شامل ہیں۔

  • پنجاب انڈر 15فٹبال کپ،لاہور  نے راولپنڈی کو 5-0سے شکست دیدی

    پنجاب انڈر 15فٹبال کپ،لاہور نے راولپنڈی کو 5-0سے شکست دیدی

    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)یکم ستمبر2018ء۔سپورٹس بورڈ پنجاب کے ز یراہتمام اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے جاری پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کے دوسرے روز پہلے میچ میں لاہور ڈویژن کی ٹیم نے راولپنڈی کی ٹیم کو 5-0سے شکست دیدی

    ہفتہ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں لاہور ڈویژن کی ٹیم نے میچ پر شروع سے ہی اپنی گرفت مضبوط رکھی، لاہور ڈویژن کے کھلاڑی مہدی نے تین جبکہ وقار اور ہاشم نے ایک ایک گول کیا۔شائقین کی بڑی تعداد نے سٹیڈیم میں میچ دیکھا اور کھلاڑیوں کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے حوصلہ افزائی کی۔

  • پنجاب گیمز،ٹیموں کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے،محمد عامر

    پنجاب گیمز،ٹیموں کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے،محمد عامر


    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے آئندہ ہونے والی پنجاب گیمز کیلئے ایسوسی ایشنز کو میرٹ پر ٹیموں کا انتخاب کرنے کی سخت ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے سفارش کلچر کو ختم کرنا ہوگا تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکے،سپورٹس کے لئے ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، سپورٹس ایسوسی ایشنز کو جلد گرانٹ جاری کردی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ، فٹ بال ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر سردار نوید حیدر،سلمان ودیگرنے شرکت کی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزیدکہا کہ سپورٹس کی ترقی کے لئے ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں جو ایسوسی ایشن کوئی بھی سپورٹس ایونٹ منعقد کرانا چاہتی ہے سپورٹس بورڈ پنجاب اس سے بھرپور تعاون کرے گا، ہم سٹیڈیم، گرائونڈز اور جمنیزیم سب مفت دیں گے، ایسوسی ایشنز باصلاحیت کھلاڑی تلاش کریں اور ان کو آگے لے کر آئیں، پنجاب گیمز کی تیاریاں شروع کردی جائیں

    تمام ایسوسی ایشنز میرٹ پر ٹیمیں بنائیں اور باصلاحیت کھلاڑی تلاش کریں تاکہ سپورٹس کو فروغ ملے، کسی قسم کے دبائو میں آئے بغیر باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کریں اور سفارش کلچر کو دفن کردیں، اس معاملہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ پنجاب کی سپورٹس تنظیموں کو جلد مالی گرانٹ جاری کردی جائے گی بڑی ایسوسی ایشن کو 10لاکھ اور چھوٹی ایسوسی ایشن کو 7لاکھ روپے کی مالی امداد دیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو اچھی سہولتیں میسر آسکیں۔ پنجاب گیمز میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کریں گے ۔پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی سپورٹس کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں، گرانٹ کی بحالی سے سپورٹس ایسوسی ایشنز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں گی، انشاء اللہ پنجاب گیمز کیلئے ڈی جی سپورٹس پنجاب کی ہدایت پر میرٹ پر ٹیموں کا انتخاب ہوگا، فٹ بال ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر سردار نوید حیدر نے کہا کہ پنجاب انڈر 15فٹ بال کپ کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی کاوشوں سے طویل عرصہ بعد فٹ بال کا ایونٹ ہورہا ہے جس پر ایسوسی ایشن ان کی مشکور ہے، فٹ بال کپ کے انعقاد سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ فٹ بال کے کھیل میں ہمارے پاس بہت ٹیلنٹ ہے۔

  • جشن آزادی،حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس مقابلے

    جشن آزادی،حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس مقابلے

    پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)چودہ اگست یوم آزادی کے حوالے سے نیشنل بک فائونڈیشن پشاور کے زیر اہتمام حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، ان مقابلوں کا مقصد جشن آزادی کو شایان شان انداز سے منانا تھا بیڈمنٹن کے مقابلوں میں جونیئر ڈبل ایونٹ کے فائنل میں بلال اور مجدد خان نے جواد اور عبداللہ کو اکیس اٹھارہ، پندرہ اکیس اور اکیس سترہ سے شکست دیدی، مینزڈبل ایونٹ کے فائنل میں شعیب ریاض اور زبیح خان نے سید شہزاد اور یاسر اسد کو شکست دی

    خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں ماہ نور اور کائنات نے فاطمہ اور ملائکہ کو شکست سے دوچار کیا، ٹیبل ٹینس کے جونیئر ایونٹ میں محمد حماد نے ریحان کو تین صفر ،خواتین کے سنگلز میں ثانیہ نے حنا کو تین دو،ویٹرنز میں قاضی عصر نے سید ولی کو تین صفر سے شکست دیدی، مقابلوں کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی کامران بنگش تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

  • سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ،،محمد حفیظ کا وضاحتی بیان آگیا

    سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ،،محمد حفیظ کا وضاحتی بیان آگیا

    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو حال ہی میں دیے گئے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پر قومی ٹیم کے تجربہ کار آل راؤندر محمد حفیظ نے میڈیا پر اپنے حوالے سے چلنے والے خبروں پر وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہمیشہ عزت اور جذبے کے ساتھ پاکستان کے لیے کھیلا ہوں۔قومی ٹیم کے کھلاڑی نے کہا کہ کبھی پیسے کے لیے نہیں کھیلا، عزت کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہوں۔

    محمدحفیظ نے مزید کہا کہ ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں چاہے سی کیٹیگری میں ہوں یا ڈی میں۔خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا گیا تھا جس میں محمد حفیظ کو اے کیٹیگری سے بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا تھا۔محمد حفیظ کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹر پی سی بی کے اس فیصلے سے ناخوش ہیں اور کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے حوالے سے سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔

  • ڈوپ ٹیسٹ،،احمد شہزاد کیلئے اپیل کا وقت ختم

    ڈوپ ٹیسٹ،،احمد شہزاد کیلئے اپیل کا وقت ختم

    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)مثبت ڈوپ ٹیسٹ کا شکار ہونے والے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کیلئے اپیل کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی جنہوں نے بی سیمپل کو چیلنج کرنے سے گریز کیا۔ احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ انہوں نے ممنوعہ ادویات کا جان بوجھ کر استعمال نہیں کیا بلکہ ان سے غلطی سرزد ہوئی اور وہ اس حوالے سے اپنا دفاع کرنے کی کوشش کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے پر احمد شہزاد کی وکالت معروف قانون دان بابر اعوان کر رہے ہیں جو آج پاکستان کرکٹ بورڈ میں اپنا جواب جمع کرائیں گے اور امکان ہے کہ سماعت کیلئے مزید وقت طلب کیا جائیگا۔

  • خیبر پختونخوا میں کھیلوں کی سرگرمیاں عروج پر

    خیبر پختونخوا میں کھیلوں کی سرگرمیاں عروج پر


    خیبر پختونخوا سپورٹس ڈائریکٹوریٹ صوبہ بھرمیںڈائریکٹر جنرل جنید خان کی سربراہی میں کھیلوں کے فروغ میں کوشاں ہے ۔ رمضان سپورٹس گالا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا جس میں بیڈ منٹن ، فٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔ بیڈ منٹن کے مقابلے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوئے جس کی میزبانی کا شرف یہاں کے مشہور بیڈر ز کلب کوحاصل ہوا ۔ واضع رہے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پاکستان کا سب سے خوبصورت کمپلیکس ہے جس میں بیڈ منٹن کے چاروں کورٹس پر ربڑ میٹ موجود ہے۔ بیڈرز کلب کے روح رواں مراد علی ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل بُک فائونڈیشن نے ڈی جی کے پی کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ جنید خان کی ہدایت کے مطابق ایک بہترین ٹورنامنٹ آرگنائز کیا جس میں بنوں ، مردان ، ڈیرہ اسماعیل خان، نوشہرہ ، سوات ، بونیر ، چارسدہ ، کوہاٹ اور پشاور سے 100سے زائد مرد و خواتین نے حصہ لیا ۔

    ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی میں صدر مراد علی ، عبدالشکور، بلال خان ، اسد غفار ، شہزاد ، ابراہیم خان اور حیات اﷲ کے علاوہ کے پی کے بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری امجد خان بھی شامل تھے ۔ بیڈمنٹن فائنل مقابلوں کے نتائج کے مطابق لیڈیز سنگل فاطمہ نے جیتا ۔ انھوں نے بشریٰ کو 21-10اور 21-07سے ہرایا ۔ بوائزانڈر 17-کے فائنل میں قاری عدنان نے زبیر کو 21-16اور 21-13سے شکست دی ۔ لیڈیز ڈبل فائنل میں نورین اور فاطمہ نے کائنات اور فاطمہ کو 21-08اور 21-17سے ہرایا ۔ مینز سنگل ایمرجنگ فائنل میں عبد اﷲ نے سیف اﷲ کو سخت مقابلے کے بعد 21-12,20-22اور 22-20سے کلوز وکٹری حاصل کی ۔ جبکہ مینز ڈبل ایمرجنگ فائنل میں قاری عدنان نے دانیال کے ہمراہ بلال اور ناصر کو 21-14اور 21-15سے شکست دی ۔ مینز سنگل ڈیپارٹمنٹل فائنل میں رحمن نے احتشام کو 21-09اور21-18اور ڈبلز کے فائنل میں کاشف اور عبدا ﷲ نے ہارون اور حسیب کو 21-14اور21-09سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی ۔ بیڈمنٹن مقابلوں میں مقامی ایسوسی ایشن کا کردار ہمیشہ کی طرح منفی ہی رہا ۔ ایک موقع پر سیکرٹری امجد خان اور ان کے سینئر ساتھیو ں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی معمولی انٹرفیس 200روپے فی کھلاڑی تاحال ادا نہیں کی جس سے جونئیر کھلاڑیوں میں غم و غصہ کی شدید لہر پیدا ہوئی۔

    جبکہ تمام جونئیر کھلاڑیوں نے قوانین کی مکمل پاسداری کی ۔ امجد خان کے اس فعل کو غیر پسندیدگی کی نظر سے دیکھا گیا ۔ کے پی کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے بیڈمنٹن کے تمام میچز میں چائینز شٹل کاکس فراہم کی گئی اور فائنل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 10ہزار روپے اور رنرز اپ کو 8ہزار روپے انعام کے ساتھ میڈلز اور سرٹیفیکٹس بھی دئیے گئے اور بہترین انتظامات پہلی بار آرگنائزنگ کمیٹی کو بھی 20ہزار روپے انعام دیا گیا ۔ ٹیبل ٹینس فائنل مقابلوں میں نتائج حسب ذیل رہے ۔ بوائز جونئیر ونر توقیر ، رنر اپ عماد (3-2)، لیڈیز سنگل ونر خدیجہ اور رنر اپ عفیفہ (3-1)، مینز سنگل ونر حسیب خواجہ ، رنر اپ عثمان خواجہ (3-2)، مینز ڈبل ونر عثمان خواجہ اور شایان اور رنر اپ اویس اور شرجیل (3-1)، جبکہ ویٹرن سنگل میں ونر کامران ، رنر اپ فاروق (3-1)رہے ۔ ٹیبل ٹینس کے تمام جیتنے والے کھلاڑیوں کو 6ہزار اور رنر اپ کھلاڑیوں کو 4ہزار روپے کے ساتھ میڈلز اور سرٹیفیکٹس تقسیم کئے گئے۔ رمضان سپورٹس گالا میں فٹبال کی آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا جس کا فائنل حیات آباد جونئیر زاور حیات آباد ریڈ کے مابین کھیلا گیا جیسے حیات آباد جونئیرز نے دو کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا ۔

    فٹبال فائنل جیتنے والی ٹیم کو 30ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کو 15ہزار روپے کے ساتھ ٹرافی ، میڈلز اور سرٹیفیکٹس بھی دئیے گئے ۔ کے پی کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے طرف سے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز میں 2لاکھ 60ہزار روپے کی خطیر رقم تقسیم کی گئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے جبکہ دوران ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کیلئے سحر اور افطار کا بندوبست بھی ہوا ۔ کھلاڑیوں کے لئے ڈیلی ریفریشمنٹ اس کے علاوہ تھی ۔ صوبہ کے دوسرے علاقوں سے آئے ہوئے تمام کھلاڑیوں کو مفت رہائش بھی فراہم کی گئی ۔ ڈی جی کے پی کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ جنید خان نے کھلاڑیوں کے جوش و جذبہ اور ڈسپلن کی تعریف کی اور انعامات بھی تقسیم کئے۔انھوں نے بنوں کے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی پر بنوں کے تمام بیڈمنٹن ہالز میں ربڑ کورٹ فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ سپورٹس گالا کے کھلاڑیوں ، آفیشلز اور شائقین کی طرف سے جنید خان کی اس بہترین کاوش کو بے حد سرا ہاگیا ۔

error: Content is protected !!