کرائسٹ چرچ(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر سٹورٹ براڈ نے ٹیسٹ میں کرٹلے امبروز کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا اور اب وہ زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں 14 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ سٹورٹبراڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بائولر کرٹلے امبروز نے کیریئر میں405 وکٹیں حاصل کیں، سٹورٹ براڈ اب ان سے آگئے نکل گئے اور ان کی وکٹوں کی تعداد 408 ہوگئی ہے۔
سڈنی(سپورٹس لنک رپورٹ) جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں معطل کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے ‘استعفیٰ’ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاید اب وہ آسٹریلیا کے لیے مزید نہ کھیلیں۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ‘سڈنی میں جو واقعہ ہوا، میں اس کی ذمے داری قبول کرتا ہوں، جو کچھ ہوا مجھے اس پر نہایت شرمندگی اور افسوس ہے، شاید میں اب ملک کے لیے نہ کھیل سکوں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنے عمل کا ذمے دار ہوں، یہ میرے لیے بڑے کرب کے لمحات ہیں’۔ڈیوڈ وارنر کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں کھیل اور ساتھیوں سے پیار کرتا ہوں، میں نے انہیں دھوکہ دیا ہے’۔پریس کانفرنس کے دوران ڈیوڈ وارنر رو پڑے اور کہا کہ ‘میں اپنے اہلخانہ خاص طور پر بیوی اور بیٹیوں سے معافی مانگتا ہوں’۔یاد رہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کرنے پر ڈیوڈ وارنر پر ایک سال اور اسٹیون اسمتھ اور کیمرون بینکروفٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔ ڈیوڈ وارنر نے جنوبی افریقا سے وطن واپسی کے دوران انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں بھی اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگی تھی۔ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ ‘ٹیمپرنگ اس کھیل پر دھبہ ہے جسے میں بچپن سے بہت چاہتا ہوں اور سمجھ سکتا ہوں کہ میری وجہ سے کھیل اور شائقین کو نقصان پہنچا ہے’۔معطل آسٹریلوی کرکٹر نے مزید کہا تھا کہ وہ آئندہ چند روز کے دوران اس حوالے سے کچھ کہیں گے۔آج اپنی پریس کانفرنس کے دوران ڈیوڈ نے آسٹریلوی کرکٹ شائقین کو مخاطب کرکے ان سے معافی مانگی اور کہا کہ ‘یہ جاننا بہت افسوس ناک ہوگا کہ اب میں (کرکٹ) میدان میں اپنی ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ نہیں اتروں گا’۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ ایک ایسی حرکت تھی، جس پر مجھے پوری زندگی پچھتاوا رہے گا۔’اپنی پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بال ٹیمپرنگ کے اس واقعے کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کے جوابات نہیں دیئے، تاہم بعدازاں ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے بعد میں بات کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں تمام سوالات کا جوابات مناسب جگہ اور مناسب وقت پر دینےکے لیے مشورہ کر رہا ہوں’۔واضح رہے کہ بال ٹیمپرنگ کیس کے بعد آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین نے بھی جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔
دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں سٹیون سمتھ، باؤلرز میں کگیسوربادا اور آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں، کین ولیمسن ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئے ، ڈین ایلگر 5 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین 8ویں نمبر پر آ گئے ، اظہرعلی ایک درجہ گر کر نویں نمبر پر چلے گئے ، ایڈن مارکرم 7 اور ڈی کوک 5 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے ، ڈوپلیسز، شان مارش اور عثمان خواجہ تنزلی کے بعد ٹاپ ٹونٹی سے باہر ہو گئے۔، باؤلرز میں کگیسوربادا پہلے نمبر پر برقرار ہیں، جیمز اینڈرسن دوسرے ، جدیجہ تیسرے ، ایشون چوتھے نمبر پر موجود ہیں، ہیزل ووڈ ایک درجہ بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئے ، مورنے مورکل اور ٹرینٹ بولٹ 5، 5 سیڑھیاں چڑھ کر دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے ، مورکل چھٹے اور بولٹ ساتویں نمبر پر آ گئے۔ نیل ویگنر اور ہیراتھ دو، دو درجے گر کر آٹھویں اور نویں، فلینڈر ایک درجہ گر کر دسویں نمبر پر چلے گئے ، نیتھن لیون اور سٹارک تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے ، پیٹ کمنز 5 درجے ترقی پا کر پہلی مرتبہ ٹاپ ٹونٹی میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ۔ آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔
انڈین ویلز(سپورٹسلنک رپورٹ)امریکی ریاست کیلی فورنیا میں کھیلے گئے انڈین ویلز ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں ٹرافی پر قابض ناؤمی اوساکا نے روسی حریف ڈاریا کساٹکینا کو مات دے کر کیریئر کا اولین ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل آسانی کے ساتھ جیت گئیں،مینز سنگل فائنل میں راجر فیڈرر کی 17فتوحات کی قطار کا خاتمہ ہوگیا،یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے سخت جنگ کے بعد کراؤن پر قبضہ کرلیا۔ انڈین ویلز ٹینس گارڈنز پر ویمنز سنگل مقابلوں کے فیصلہ کن معرکے میں جاپان کی ناؤمی اوساکا اور نمبر بیس سیڈ روس کی بیس سالہ ڈاریا کساٹکینا پہلی مرتبہ آمنے سامنے آئیں تو جاپانی سٹار نے چند ابتدائی خامیوں پر قابو پانے کے بعد آخری گیارہ میں سے نو گیمز میں کامیابی کی بدولت چھ،تین اور چھ،دو سے کیریئر کا اولین اے ٹی پی ایک ہزار ٹائٹل جیت لیا ۔ مینز سنگل مقابلوں کے فائنل میں ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے عالمی نمبر ایک سوئس حریف راجر فیڈرر کی رواں سال مسلسل 17 فتوحات کا ریکارڈ توڑتے ہوئے کراؤن اپنے سر سجا لیا۔ آٹھویں رینکنگ کے مالک ارجنٹائن کے پلیئر نے راجر فیڈرر کو دو گھنٹے اور 42 منٹ میں چھ،چار،چھ،سات اور سات،چھ سے مات دی کر چھٹی مرتبہ ٹرافی پر قبضے سے محروم کردیا،وہ رواں سال پہلے کھلاڑی ہیں جن کو سوئس کھلاڑی کیخلاف کامیابی حاصل ہوئی ہے۔29 سالہ یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو حالیہ برسوں کے دوران کلائی کی تکلیف میں مبتلا رہے ہیں اور تین مرتبہ آپریشن کے سبب انہیں بیک ہینڈ سٹروکس کھیلنے میں جدوجہد کرنا پڑتی ہے ۔
لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ): پنجاب میں کھیلوں کے دور کی وآپسی کے لیے سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنا رہے ہیں۔ ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی آمد، فیفا ٹرافی کی رونمائی اور گزشتہ برس سپر لیگ کا فائنل اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔ سکیورٹی خدشات کی بناء پر ویران ہو جانے والے پلے گرائونڈز کی آبادی کاری کا سلسلہ بھی جاری ہو چکاہے ۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل و اُمور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے آج دی سٹی سکول کے انٹر ریجنل سپورٹس مقابلوں کے فائنل رائونڈ کے اختتام پر پوزیشن حاصل کر نے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے نجی تعلیمی اداروں کی خدمات بھی قابل ستائش ہیں۔ حکومت پنجاب نجی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہی ہے ۔ مختلف کھیلوں کے ساتھ ایمبیسیڈرز اور فنانسرز کے ساتھ روابط بڑھائے جا رہے ہیں۔ دی سٹی سکول کے انٹرریجنل مقابلوں میں مختلف صوبوں سے 05 گیمز کے 1000 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ صوبائی وزیر نے جیتے والی ٹیمز میں برائونز، گولڈ اور سلور میڈل تقسیم کیے ۔ مجموعی طور پر سینٹرل ریجن نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے چیمپئین ٹرافی حاصل کی۔ تقریب میںبچوں اور بچیوں نے رنگا رنگ ایروبکس کا بھی مطاہرہ کیا۔
آخر میں صوبائی وزیر نے تمام ٹیموں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائے اور جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے سٹی سکول کی انتظامیہ کو مستقبل میں سپورٹس بورڈ کی جانب سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائے۔ ریجنل ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو برانچ کا دورہ کروایا اور ان کی تقریب میں آمد اور بچوں کی بھر پور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔
جمیکا(سپورٹس لنک رپورٹ)دنیا کے تیز ترین انسان یو سین بو لٹ نے کھیل کے میدان کے علا وہ ڈانسنگ میں بھی اپنا لو ہا منوا لیا ہے ۔یو سین بو لٹ نے جمیکا کے ایک سکول میں ننھی بچی کے ساتھ ملکر ایسے شاندار ڈانسنگ سٹیپس دکھائے کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے ۔ سکول میں سینکڑوں بچوں کے بیچ و بیچ ننھی ڈانسر کے ساتھ ملکر یوسین نے ایسی دھوم مچائی کہ تمام سٹوڈنٹس جھوم اٹھے ۔ڈانسنگ کا شاندار مظاہرہ پیش کرتے ہوئے یوسین کے اس انوکھے سٹائل پر لوگوں نے خوب داد دی جبکہ اس دوران بچے بولٹ کے ساتھ جھومتے ہوئے ڈانس انجوائے کرتے رہے ۔
بہاولپور: (سپورٹس لنک رپورٹ) چولستان جیپ ریلی کا کوالیفائنگ راؤنڈ ختم ہو گیا ہے۔ اے کیٹگری میں صاحبزادہ سلطان نے 5 کلومیٹر کا فاصلہ کم ترین وقت میں طے کیا، دلچسپ ایونٹ میں4غیرملکیوں سمیت 3 خواتین ڈرائیورز کی بھی شرکت۔
تفصیلات کے مطابق 13ویں چولستان جیپ ریلی کا کوالیفائنگ راؤنڈختم ہوگیا ہے۔ اے کیٹگری میں صاحبزادہ سلطان نے 5 کلومیٹر کا فاصلہ 1 منٹ36 سیکنڈ میں طے کیا جبکہ بی کیٹگری میں زین محمود نے کامیابی حاصل کی۔
اس ایونٹ میں 110 سے زائد گاڑیوں نےشرکت کی۔ گرد آلود اور مشکل ٹریک پر ڈرائیورز نے اپنی مہارت کامظاہرہ کیا۔ چولستان جیپ ریلی میں4 غیرملکی اور3 خواتین ڈرائیورزبھی شامل ہیں۔
ایونٹ میں جمعہ کے روز اسٹاک کیٹگری کے مقابلے ہونگے۔ فائنل راؤنڈ 18 فروری کو ہوگا۔
اسلام آباد ( نوازگوھر ) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے کھیلوں کے مقابلوں کا روواں سال کے لئے سپورٹس کیلنڈر جاری کر دیا ہے،گذشتہ روز پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے بتایا کہ پاکستان نو انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لے گا جبکہ ملک میں 18 ایونٹس ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کئے جائیں گے، پاکستان جن انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ لے گا ، ان میں27 سے 29 مارچ تک انٹرنیشنل یوتھ انڈر16- گرلز نیٹ بال سیریز سنگاپور کے خلاف سنگار پور میں کھیلی جائے گی،یکم سے 6 اپریل تک امنا مینز نیٹ بال چیمپئن شپ سڈنی آسٹریلیا میں ، 4 سے 15 اپریل تک کامن ویلتھ گیمز گولڈ کوسٹ آسٹریلیا میں، 23 سے 26 جون تک انٹرنیشنل جونیئر انڈر 19- گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ ساؤتھ کوریاکھیلی جائے گی، یکم سے 6 جولائی تک ایشین نیٹ بال امپائرنگ کورس سنگاپور میں منعقد ہوگا، 3 سے 6 جولائی تک واورلیلے انٹرنیشنل سکول گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ آسٹریلیا میں، یکم سے 8 ستمبر تک ایشین خواتین نیٹ بال چیمپئن شپ سنگاپور میں ہوگی، 6 ستمبر کو ایشین نیٹ بال فیڈریشن کا اجلاس سنگاپور میں منعقد ہوگااور 26 سے 29 دسمبر تک مردوں کی انٹرنیشنل نیٹ بال چیمپئن شپ اسلام آباد میں منعقد ہوگی جبکہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن اس سال ملک میں 18 نیٹ بال کے قومی ایونٹس مختلف شہروں میں منعقد کروائے گی، جن میں 16 فروری سے 25 مارچ تک قومی یوتھ گرلز انڈر16- تربیتی کیمپ کراچی میں لگا یا جائے گا،23 مارچ کو کراچی، حیدرآباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں پاکستان ڈے کے موقع پر نیٹ بال کے نمائشی مقابلوں منعقد ہونگے،21 سے 24 اپریل تک مردوں اور خواتین کی قومی نیٹ بال چیمپئن شپ اسلام آباد میں کھیلی جائے گی، 22 اپریل کوپاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی جنرل کونسل اور مجلس عاملہ کا اجلاس ہوگا،مردوں اور خواتین کی دو روزہ بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئن شپ 25 اپریل سے کھیلی جائے گی، 11 سے 13مئی تک قومی کوچنگ اور امپائرنگ کورس کراچی میں منعقد ہوگا،یکم سے 30 جون تک قومی جونیئر گرلز ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کراچی میں لگایا جائے گا، دو روزہ مردوں کو قومی بیچ نیٹ بال چیمپئن شپ 14 جولائی سے کراچی میں شروع ہوگی جبکہ خواتین کی قومی بیچ نیٹ بال چیمپئن شپ 16 سے 17 جولائی کو کراچی میں منعقد ہوگی،14 اگست کو کراچی ، حیدرآباد، لاہور، اسلام آباد، فاٹااور کوئٹہ میں جشن آزادی کے سلسلہ میں نیٹ بال کے مقابلے ہونگے، 25 سے 28 ستمبر تک قومی جونیئر گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کا انعقاد فیصل آباد میں کیا جائے گا،7 سے 10 اکتوبر تک کراچی نیٹ بال کپ اور 12 سے 14 اکتوبر تک پی این ایف یوتھ گرلز نیٹ بال کپ کے مقابلے کراچی میں ہونگے، 2 سے 4 نومبر تک مردوں کی انٹر ڈیپارٹمنٹل نیٹ بال چیمپئن شپ پشاور میں، 9 سے 11 نومبرتک قومی نیٹ بال امپائرنگ کورس لاہور میں اور 12 سے 15 نومبر تک قومی جونیئر بوائز نیٹ بال چیمپئن شپ لاہور میں کھیلی جائے گی، 16 نومبر سے 25 دسمبر تک مردوں کی قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں لگایا جائے گا جبکہ 25 دسمبر کو قائداعظم ڈے کے موقع پر لاہور، کراچی اوراسلام آباد میں نیٹ بال کے نمائشی مقابلے منعقد ہونگے
نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)انڈین کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں بطور کپتان کئی نئے ریکارڈز قائم کر دیے ہیں۔
انھوں نے اس میچ میں بطور انڈین کپتان اپنی 12ویں سنچری سکور کی۔ ان کے 160 رنز سچن تندولکر کے بعد کسی بھی انڈین بیٹسمین کی جانب سے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا بہترین سکور ہے۔ تندولکر نے 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 200 رنز سکور کیے تھے جو کہ ایک روزہ میچوں کی پہلی ڈبل سنچری تھی۔
بدھ کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ میں وراٹ کوہلی 159 گیندوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 160 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ اس میچ میں انڈیا کی ٹیم نے اپنی اننگز میں 303 رنز بنائے اور جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 179 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ اس شکست کے بعد انڈیا نے چھ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
کوہلی نے ایک روزہ کیرئیر میں سب سے زیادہ سکور کرنے کے علاوہ ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے کسی بھی انڈین کپتان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
اس سے پہلے ساروو گنگولی 11 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست تھے لیکن اب 12 سنچریوں کے ساتھ کوہلی نے ان کی جگہ لے لی ہے۔
اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو کوہلی کو ابھی کرکٹ کی دنیا میں کسی بھی کپتان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کے لیے ابھی بہت محنت کرنے کی ضرورت ہو گئی کیونکہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے بطور کپتان 22 سنچریاں سکور کر رکھی ہیں۔
لیکن کوہلی کو اس کے بارے میں ابھی سوچنے کی زیادہ ضرورت نہیں کیونکہ وہ اپنی کارکردگی سے نئے ریکارڈ قائم کرتے جا رہے ہیں جس میں سنچریوں کے علاوہ انڈیا کی جانب سے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
وہ اس وقت جاری سیریز کے پہلے تین میچوں میں 318 رنز بنا چکے ہیں اور ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف کسی بھی سیریز میں ایک سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
سیریز کے آغاز سے قبل وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ میں ایک روزہ میچوں میں کوئی سنچری سکور نہیں کی تھی مگر تین میچوں کے بعد اب وہ دنیا کے ان پانچ بلے بازوں میں شامل ہو گئے ہیں جنھوں نے جنوبی افریقہ میں ایک سے زیادہ سنچریاں سکور کی ہیں۔
اب تک جنوبی افریقہ میں ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ تین سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز انگلینڈ کے بلے باز کیون پیٹرسن کے پاس ہے۔
گذشتہ برس انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سنچری سکور کر کے کم سے کم میچوں میں نو ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا تھا۔
گذشتہ برس ہی وراٹ کوہلی نے دہلی ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف اپنی چٹھی ڈبل سنچری بنا کر بطور کپتان سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا تھا۔
سیریز کا چوتھا میچ جوہانسبرگ میں 10 فروری کو کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز 16 فروری کو ختم ہو گی جس کے بعد تین ٹی20 انٹرنیشنل بھی کھیلے جائیں گے۔