Category: زمرے کے بغیر

  • پی سی بی نے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم عطیہ کردی

    پی سی بی نے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم عطیہ کردی

    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ پانچ لاکھ چھتیس ہزار پانچ سو روپے کی رقم عطیہ کردی ہے۔ یہ رقم کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لیے خرچ کی جائے گی۔
    پی سی بی نے 25 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی اور پی سی بی کے ملازمین اپنی تنخواہوں میں سے ایک مخصوص حصہ فنڈ میں عطیہ کریں گے جبکہ بطور ادارہ پی سی بی نے بھی ملازمین کی جانب سے عطیہ کی جانے والی کُل رقم کے برابر امداد عطیہ کی۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ تمام سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں اور پی سی بی کے ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے وباء سے نمٹنے کے لیے قائم کردہ وزیراعظم کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں فراخدلی سے عطیات دئیے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے ایک بار پھر واضح ہوتا ہے کہ کرکٹ نے عملی طور پر اپنے فینز، اسپورٹرز اور فالوؤرز کی عزت، احترام اور دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

    احسان مانی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم اپنے پیرامیڈیکس اور اس وباء سے نمٹنے والے صف اول کے دیگر جنگجوؤں کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا ہم پرامید ہیں کہ حکومت اس وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

    وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک سرگرم ادارے کی حیثیت سے حکومت کے ساتھ تعاون کیا، پی سی بی نے اس وباء سے نمٹنے کے لیے عوام میں شعوری پیغامات بھی اجاگر کیے۔

    انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے اب ایک قدم آگے بڑھ کر ایک بڑی رقم عطیہ کی ہے، یہ رقم ہمارے صف اول کے جنگجوؤں اور پسماندہ طبقات کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ اجتماعی مقاصد کے اصول میں پی سی بی ایک برانڈ کی حیثیت سے تعاون جاری رکھے گا۔

  • معروف ریسلر ہالک ہوگن نے کورونا وائرس کی وجہ اورحل بتا دیا

    معروف ریسلر ہالک ہوگن نے کورونا وائرس کی وجہ اورحل بتا دیا

    لاس اینجلس (سپورٹس لنک رپوٹ ) نامور ریسلر ہلک ہوگن نے کہا ہے کہ خدا سے دوری کے باعث کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا میں تباہی مچا دی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے 66 سالہ ہلک ہوگن نے کہا کہ ہمیں دنیا بھر میں محبت بانٹنا ہوگی، ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہوگا۔جھوٹے خدائوں کو پوجنا چھوڑ دو،خدا کے احکامات نہ ماننے کی وجہ سے ہی کورونا سے بچائو کی کوئی ویکسین نہیں بن پا رہی ۔

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 75 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ سے بھی زائد ہے۔ عالمی ادارہ صحت اور متعدد عالمی اداروں کی جانب سے بنائے گئے کورونا وائرس کے عالمی آن لائن میپ کے مطابق 7 اپریل کی شام تک کورونا وائرس سے 75 ہزار 973 ہلاکتیں ہوچکی تھیں جب کہ وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار رہی۔

  • اطالوی رگبی سٹار نے کورونا کیخلاف جنگ میں کیا کردار ادا کرنا شروع کردیا؟

    اطالوی رگبی سٹار نے کورونا کیخلاف جنگ میں کیا کردار ادا کرنا شروع کردیا؟

    روم(سپورٹس لنک رپوٹ) اٹلی کا انٹرنیشنل رگبی سٹار میکسم مبادا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ایمبولینس ڈرائیور بن گیا۔وبا کی وجہ سے تباہی نہ پھیلتی تو گذشتہ ہفتے میکسم مبادا کو 60 ہزار تماشائی انگلینڈ کے خلاف ایکشن میں دیکھتے، بہرحال انھوں نے گھر پر بیٹھنے کے بجائے خود کو رضاکار کے طور پیش کیا اور اب حفاظتی لباس پہنے ایمبولینس چلاتے نظر آرہے ہیں۔مبادا نے کہا کہ ان دنوں ہسپتالوں میں مریضوں کا ایسے رش نظر آتا ہے جیسا کبھی سپرمارکیٹس میں ہوتا تھا

    میرا کام طبیعت سنبھلنے کے بعد مریضوں کو ایک ہسپتال سے دوسرے میں لے کر جانا ہے، میں قومی جذبے کے ساتھ یہ ذمہ داری نبھا رہا ہوں۔خیال رہے کہ اٹلی یورپ میں اس وبا سے متاثر سب سے بڑا ملک ہے جہاں 70 ہزار افراد بیمار جب کہ 7 ہزار کے قریب ہلاکتیں ہوچکی ہیں جو کہ دنیا میں سب سے زیادہ ہیں،ویلنسیا کے خطے میں بھی اب تک 26 سو سے زائد افراد کووڈ 19 سے متاثر ہوچکے ہیں۔دنیا بھر میں اب تک اس وائرس سے 4 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد بیمار جب کہ 20 ہزار کے قریب ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ صحت یاب افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔

  • اولمپکس مقابلے ایک سال ملتوی ہونے کے بعد کرکٹ کے بڑے ایونٹ بھی خطرے سے دوچار

    اولمپکس مقابلے ایک سال ملتوی ہونے کے بعد کرکٹ کے بڑے ایونٹ بھی خطرے سے دوچار

    دبئی ( سپورٹس لنک رپوٹ) ٹوکیو اولمپکس ایک سال کیلئے ملتوی ہونے کے بعد دنیا بھر میں کرکٹ کی بڑی سیریز اور بڑے ٹورنامنٹ بھی شدید مشکلا ت اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں ۔ حالات میں بہتری نہ آئی تو کرکٹ مقابلے بھی ملتوی ہوسکتے ہیں۔ آئی سی سی ترجمان نے بتایا کہ ٹیلی کانفرنس 27،28،29مارچ کو ہونا ہے ،اسکا ایجنڈا ابھی طے نہیں ہے اگر اس میٹنگ میں کوئی فیصلہ ہوا تو اس بارے میں میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔آئی سی سی نے اس ٹیلی کانفرنس میں اپنے ڈائریکٹرز کو مختلف معاملات پر اپ ڈیٹ کرنا ہے جبکہ آئی سی سی میٹنگ مئی میں کرانے کا اعلان کیا ہوا ہے ۔کورونا وائرس کی وجہ سے اصل میٹنگ ملتوی کردی گئی ہے۔ مئی میں حالات بہتر ہونے پر میٹنگ ہوگی۔دوسری جانب آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری ہیں۔ ستمبر میں ایشیاء کپ ٹی 20 ہونا ہے جب کہ اکتوبر میں آسٹریلیا میں اس کا کوالی فائنگ رائونڈ شروع ہونا ہے۔24اکتوبر سے آئی سی سی ٹی ٹونٹی کا افتتاحی میچ میزبان آسٹریلیا اور عالمی نمبر ایک پاکستان کے درمیان سڈنی میں شیدول ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے دو ماہ بعد ہالینڈ، آئر لینڈ اور انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کے دورے بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ پی سی بی مستقبل کی سیریز اور ٹورنامنٹ کے بارے میں محتاط بیان دے رہا ہے اور اس کا خیال ہے کہ پس پردہ ایشین کرکٹ کونسل اور انٹر نیشنل کرکٹ کونسل تیاریوں میں مصروف ہیں ۔چند دن پہلے کراچی میں پی ایس ایل کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا کہنا تھا کہ اگر جولائی میں جاپان اولمپکس نہ ہوئے توستمبر میں ایشیا کپ اور اکتوبر میں ورلڈ کپ ٹی 20 کو بھی خطرات ہوسکتے ہیں۔ ہم پوری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ چار دن پہلے ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس میں وسیم خان نے ایک بار پھر اسی خدشے کا اظہار کیا تھا کہ ایشیا کپ کو شدید خطرہ ہے۔واضح رہے کہ پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے لیکن یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں کرانے کی تجویز ہے۔ ہفتے کو وسیم خان نے کہا تھا کہ مستقبل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ، ہالینڈ اور انگلینڈ کا انحصار ان ملکوں کے حالات پر ہوگا۔ پاکستان انگلینڈ کی سیریز کا بھی ویسٹ انڈیز میں ہونا غیر فطری ہے۔ اس بارے میں ویسٹ انڈیز بورڈ بھی وضاحت کرچکا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ 30 جولائی کو لارڈز میں ہوگا اسلئے اس سیریز کے بارے میں اس مرحلے کوکوئی حتمی بات نہیں کی جاسکتی

  • گھوڑوںکی ریس کا عالمی مقابلہ بھی کورونا کی لپیٹ میں آگیا

    گھوڑوںکی ریس کا عالمی مقابلہ بھی کورونا کی لپیٹ میں آگیا

    دبئی(سپورٹس لنک رپوٹ)کورونا وائرس کے خدشات کے پیش ِنظر دبئی میں منعقد ہونے والا گھوڑوں کی ریس کا عالمی مقابلہ بھی ملتوی کردیا گیا ہے ۔

    کورونا ،دبئی میں گھوڑوں کا عالمی مقابلہ ملتوی

    دبئی ورلڈ کپ کی سپریم آرگنائزنگ کمیٹی کے اعلان کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب گھوڑوں کی ریس کا عالمی مقابلہ آئندہ سال تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے اب تک 198 افراد متاثر ہوچکے ہیں  ۔

  • کورونا وائرس سے بچائو کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ہیلتھ ڈیسک قائم کردیا گیا

    کورونا وائرس سے بچائو کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ہیلتھ ڈیسک قائم کردیا گیا


    لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب نے حکومتی احکامات کے مطابق ملازمین کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے ہیلتھ ڈیسک قائم کردیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے تمام ملازمین کے ہاتھ سینیٹائزر سے صاف کرائے جارہے ہیں اور ان کو احتیاطی تدابیر سے آگاہی بھی دی جارہی ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سمیت تمام ملازمین نے دفتر داخل ہونے پر سینیٹائزر سے ہاتھ صاف کئے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کے لئے حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کیا جارہا ہے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے تمام دفاتر میں سپرے بھی کرالیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے اور گبھرانا بھی نہیں، اس کی روشنی میں محکمہ سپورٹس پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب نے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا ہے اور ملازمین سمیت شہریوں کو آگاہی دے رہے ہیں کہ ہم احتیاطی تدابیر اپنا کر اس وباء کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ان حالات میں شہریوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف رکھیں تاکہ یہ وباء پھیل نہ سکے۔

  • عالمی کپ: گرلز نیٹ بال ٹیم کے انتخاب کیلئے ٹرائلز ملتوی

    عالمی کپ: گرلز نیٹ بال ٹیم کے انتخاب کیلئے ٹرائلز ملتوی


    اسلام آباد (سپورٹس لنک رپوٹ) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے عالمی کپ کیلئے قومی گرلز ٹیم کے چناؤ کیلئے ایک روزہ ٹرائلز ملتوی کر دیئے۔

    گذشتہ روز پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے اے پی پی کو بتایا کہ یہ ٹرائلز 22 مارچ کو پی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی میں منعقد ہونے تھے جو کو ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائلز کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ عالمی کپ اگست میں آسٹریلیا میں منعقد ہوگا۔

  • ضم اضلاع سپورٹس فیسٹول ، ضلع مہمند میں مقابلوں کا آغازہوگیا

    ضم اضلاع سپورٹس فیسٹول ، ضلع مہمند میں مقابلوں کا آغازہوگیا


    پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام ضم اضلاع سپورٹس فیسٹول کے سلسلے میں ہیڈکوارٹر غلنئی جرگہ ہال میں سپورٹس گالا کا افتتاحی تقریب منعقدہوئی جس میں ضلع مہمند میں مختلف کھیلوں کے مقابلے 23مارچ تک جاری رہینگے ، تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس ضم شدہ اضلاع کے زیراہتمام گزشتہ روز ہیڈکوارٹر غلنئی جرگہ ہال میں مہمند سپورٹس گالا کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید سیف الاسلام نے کیا ۔ افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند حامد اقبال، ضلعی سپورٹس منیجر سعید اختر ، علاقے کے مشران، مقامی صحافیوں ، سیاسی وفلاحی تنظیموں کے کارکنوں اور کھلاڑیوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر محفل موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں گلوکاروں ، اسٹیج ڈراموں کے فنکاروں نے بھی اپنی صلاحیتیوں کا مظاہرہ کیا جس پر مقامی کھلاڑیوں نے شاندار رقص بھی پیش کیا ۔ دریں اثنا سپورٹس منیجر سعید اختر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہمند سپورٹس گا لا میں کرکٹ، والی بال، فٹبال ، میراتھن ریس کبڈی ، سائیکل ریس ، بیڈمنٹن اور مختلف کھیلوں کے مقابلے 23مارچ تک جاری رہینگے جس میں سینکڑوں مقامی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جبکہ یوم دفاع پاکستان 23مارچ کے روز کیپٹن روح اللہ شہید سپورٹس سٹیڈیم غلنئی میں احتتامی تقریب کے دوران ونر ٹیموں کے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیا جائے گا اور اسی روز سٹیڈیم میں مختلف کھیلوں کے مقابلے اور دیگر تفریحی پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جائے گا ۔ اس ضمن میں سپورٹس گالا کا دوسرا مرحلہ آئندہ ماہ سے شروع کیا جائے گا جس میں مختلف قبائلی اضلاع کے پچاس ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لینگے ۔

  • انڈر 21 خیبر انٹر ریجنل خواتین گیمز پشاور نے جیت لیں

    انڈر 21 خیبر انٹر ریجنل خواتین گیمز پشاور نے جیت لیں


    پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام انڈر 21 خیبر پختونخوا انٹر ریجنل خواتین گیمز پشاور نے جیت لی، پشاور نے 14 گولڈ، 12، سلور، 7 برونز اور مجموعی 33 میڈلز جیتے۔ ڈیرہ اسماعیل خان نے 6 گولڈ، 4 برونز مجموعی 10میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ بنوں نے 4 گولڈ، 7 سلور، 4 برونز اور مجموعی 15 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مردان نے چار گولڈ، پانچ سلور، چھ برونز اور مجموعی 15، زارہ نے تین گولڈ، چھ سلور، 13 برونز اور مجموعی 22، کوہاٹ نے دو گولڈ، دو سلور، چھ برونز اور مجموعی 10 جبکہ مالاکنڈ نے ایک سلور، چھ برونز اور مجموعی طور سات میڈلز جیتے اس موقع پر ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی ،سابق صوبائی وزیر وصدر صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن سید عاقل شاہ نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹرحیات آباد سپورٹس کمپلیکس سید جعفر شاہ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر حامد علی ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چارسدہ تحسین اﷲ سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ، خواتین کے انٹر ریجنل مقابلوں میں دس مختلف گیمز شامل تھے جو کہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس ، قیوم سپورٹس کمپلیکس اور عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں منعقد ہوئے ۔

  • خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ٹین پن بائولنگ کے مقابلے 8 مارچ کو ہونگے

    خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ٹین پن بائولنگ کے مقابلے 8 مارچ کو ہونگے

    خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ٹین پن بائولنگ کے مقابلے 8 مارچ کو ہونگے
    اسلام آباد (سپورٹس لنک رپوٹ) پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ٹین پن بائولنگ کے مقابلے 8 مارچ کو لیڑر سٹی کلب جناح پارک راولپنڈی میں منعقد ہونگے،پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے بتایا کہ ایونٹ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور ایونٹ میں اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، یسرا میڈیکل کالج اسلام آباد اور فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی کے خواتین حصہ لیں گی، اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان ہونگی اور ایونٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی خواتین میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں جائیں گی۔

error: Content is protected !!