راولپنڈی(نواز گوہر سے)چھٹی نیشنل ڈس ایبلڈ ٹی20کرکٹ چیمپئین شپ کا آغاز کل سے راولپنڈی میں ہوگا، دوسرے مرحلے کا افتتاح کل دن ایک بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اعزازی سکرٹری پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن امیر الدین انصاری کے مطابق افتتاحی تقریب کے موقع پر ای وی پی مارکیٹنگ اینڈ کمیونکیشنز پی ٹی سی ایل سید شہزاد شاہ مہمان خصوصی ہونگے جوہیڈ آف کمیونیکشن آئی سی آرسی نجم الثاقب کے ہمراہ چیمپئین کے دوسرے مرحلے کا رسمی افتتاح کرینگے۔ اس موقع پر سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم و صدر پی ڈی سی اے راشد لطیف ، پیٹرن سلیم کریم ، اعزازی سیکرٹری امیر الدین انصاری ، ڈائریکٹر صبیح اظہر ، محمد صادق کھتری اورمیڈیا مینجر محمد نظام موجود ہونگے۔ افتتاحی روز 4میچ کھیلے جائینگے ۔ پہلے میچ میں صبح 9:30بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان راولپنڈی کا مقابلہ سیالکوٹ سے ، دوسرے میچ میں صبح 9:30بجے ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد پر آزاد کشمیر کا مقابلہ اسلام آباد سے ہوگا، تیسرے میچ میں دوپہر 1:30بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر ابیٹ آباد کا مقابلہ پشاور سے اور چوتھے میچ میں ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ پر دوپہر 1:30بجے لاہور کا مقابلہ فاٹا سے ہوگا۔ چیمپئین شپ کے پہلے مرحلہ کراچی میں مکمل ہوچکا ہے جس میں 8ٹیموں نے شرکت کی اور دفاعی چیمپئین ملتان نے کراچی کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ چیمپئین شپ کے دوسرے مرحلے میں 8ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ گروپ سی میں اسلام آباد ، لاہور، آزاد کشمیراور فاٹاشامل ہیں، جبکہ گروپ ڈی میں میزبان راولپنڈی ، پشاور، ابیٹ آباداور سیالکوٹ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ لیگ میچوں کے اختتام پر دونوں گروپس کی فاتح ٹیمیں 16فروری کو دوسرے سیمی فائنل میں پنڈی اسٹیڈیم میں مقابلہ کرینگی ۔ جبکہ سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کراچی فائنل میں دفاعی چیمپیئن ملتان کے مد مقابل ہوگی ، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔