مجیب الرحمان کی تباہ کن باؤلنگ، افغانستان نے زمبابوے کو ڈھیر کردیا


شارجہ ۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) مجیب الرحمان کی تباہ کن باؤلنگ کے بعد محمد شہزاد کی شاندار بلے بازی کی بدولت افغانستان نے زمبابوے کو چوتھے ایک روزہ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 135 رنز کا آسان ہدف 21.1 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پورا کیا، محمد شہزاد اور احسان اﷲ نے اوپننگ شراکت میں ناقابل شکست 135 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، شہزاد 75 اور احسان اﷲ 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، مجیب الرحمان نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، مجیب الرحمان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں زمبابوین ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 38 اوورز میں 134 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کریگ ایرون کے سوا زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی افغانستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، ایرون نے 54 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، سولومون میر 9، مسکڈزا 4، موساکنڈا 9، برینڈن ٹیلر 30، سکندر رضا 4، رائن برل 10، کائل جروس اور موزرابانی صفر اور چتارا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مجیب الرحمان نے 5 محمد نبی اور راشد خان نے 2، 2 شراف الدین نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں افغانستان نے مطلوبہ ہدف 22ویں اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، شہزاد اور احسان اﷲ نے ڈٹ کر زمبابوین باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 135 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، شہزاد 75 اور احسان اﷲ 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

تعارف: newseditor