کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)کراچی سے پشاور تک 19فروری سے شروع ہونے والی ٹور ڈی پاکستان انٹرنیشنل پیس مشن سائیکل ریس سکیورٹی خدشات اور دیگر اہم ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملتوی کردی گئی ۔ سائیکل سواروں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے بعد ریس کے انعقاد کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا جبکہ اس حوالے سے خط چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ارسال کردیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سائیکل ریس کے سندھ زون کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ اور چیف کو آرڈینیٹر ملک کلیم احمد اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔عابد علی ایڈووکیٹ نے مزید بتایا کہ 2011اور 2016میں بھی ٹورڈ ی کراچی گوادر سائیکل ریس کیلئے آرمی چیف نے فول پروف آرمی سکیورٹی اور گن شپ ہیلی کاپٹر فراہم کئے تھے اور ہمیں امید ہے کہ انشا اللہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اپنی شفقت و حوصلہ افزائی فرماتے ہوئے اس سلسلے میں اہم اقدامات اٹھائیں گے ۔ کلیم اعوان نے ریس کیلئے منتخب پاکستان کے چاروں صوبوں اور مختلف محکمہ جات کے سائیکل سواروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی ٹریننگ مسلسل جاری رکھیں کسی بھی وقت سائیکل ریس کے انعقاد کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا ۔ کلیم اعوان نے مزید بتایا کہ اس سال شرکامیں لاکھوں روپے کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے جبکہ ریس کا پہلا انعام 20لاکھ روپے ہوگا۔