لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز معین خان کے بیٹے اعظم خان کی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں شمولیت کو سوشل میڈیا پر کڑ ی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور بعض لوگوں نے اسے اقربا پروری سے تعبیر کیا۔شائقین کرکٹ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اعظم خان نے ابھی تک ایک بھی ڈومیسٹک میچ نہیں کھیلا اور انہیں پاکستان کے سب سے بڑےٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے۔معین خان کاکہنا ہے کہ ان کا بیٹا ایک اچھا کھلاڑی ہے جس کی ایک جھلک15فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ میں دیکھنے کو ملی ،اعظم خان نے میچ میں 20گیندوں پر 32رنز بنا ئے جس میں 2چھکے اور ایک چوکا شامل تھا ، وکٹوں کے درمیان برق رفتار رننگ، زور دار پل شاٹس اور سپنرز کیخلاف ان کا کریز سے نکل کر کھیلنا ان کی کرکٹ پر مہارت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔