کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کراچی کنگز کے کھلاڑی روی بوپارہ نے کہا ہے کہ کراچی سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہا ہوں اور امید ہے دوبارہ ملاقات فائنل میں ہوگی. ان خیالات کا اظہار برطانوی کھلاڑی روی بوپارہ نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر تحریر کردہ اپنے ایک پیغام میں کہی، روی بوپارہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں قیام کے دوران خوشگوار وقت گزرا جس کے لیے تمام ساتھیوں اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں.
انہوں نے کراچی میں سیکیورٹی کے اعلیٰ انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹاپ کلاس سیکیورٹی کے باعث دورہ کراچی محفوظ اور خوشگوار رہا جس پر سیکیورٹی اداروں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں. گزشتہ برس ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے روی بوپارہ پی ایس ایل 3 کے لیے بھی کراچی کنگز کی ٹیم کا حصہ ہیں اور کراچی کنگز کے مختلف پروگرامز میں ٹیم کے ہمراہ شرکت کرنے کے لیے کراچی آئے ہوئے تھے
اور آج ٹیم کے ہمراہ ہی پی ایس ایل میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہو گئے ہیں. رویندر سنگھ عرف روی بوپارہ انگلش کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی ہیں، آل راؤنڈر کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی کے ماہر سمجھے جاتے ہیں جہاں اُن کا بلا رنز کت ڈھیر لگاتا نظر آتا ہے تو وہیں اپنی نپی تلی بولنگ سے مخالف ٹیم کے بیٹسمین کو پریشان کیے رکھتے ہیں جب کہ فضا میں اچھلتی کوئی بال ہو یا باؤنڈری لائن تک جاتی تیزی بال ہو، روی بوپارہ کی تیز نگاہوں سے اوجھل ہو سکتی ہے. یاد رہے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری سے دبئی میں ہو رہا ہے جس میں گزشتہ برس کے برعکس چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، چھٹی ٹیم کے طور پر ملتان سلطانز کا اضافہ ہوا ہے جب اس بار فائنل بھی لاہور کے بجائے کراچی میں کھیلا جائے گا، اس بار کراچی کے شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑی شاہد آفریدی کو کراچی کنگز نمائندگی کرتے ہوئے دیکھیں گے.