لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ کی صدارت میں پیر کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں نوتعمیر شدہ منصوبوں میں سپورٹس کی سہولتیں فراہم کرنے اور نجی شعبہ کے اشتراک سے سپورٹس کو فروغ دینے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹر ی سپورٹس پنجاب محمد عامرجان ، ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ تہمینہ حبیب، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو اکرم صوبن، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، سابق کرکٹر انتخاب عالم، ایل سی سی اے کے سابق صدر خواجہ ندیم اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کیلئے سپورٹس کے جدید منصوبے مکمل کئے ہیں، جن میں جمنیزیم، سپورٹس گرائونڈز اور سٹیڈیم شامل ہیں، ان میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے معروف کمپنیوں سے رابطہ کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولتیں فراہم کر رہے ہیں جس کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب ہنگامی بنیادوں پر کام کررہا ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں اور جلدازجلد نوتعمیر شدہ منصوبوں میں جدید سہولتیں فراہم کی جائیں ۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کے نوتعمیر شدہ منصوبوں میں جدیدمشینری اور آلات فراہم کرنے کیلئے تیزی سے کام کررہے ہیں، سہولتوں کی فراہمی سے کھلاڑی اپنے کھیل کو بہتر بنا کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے، پنجاب حکومت نے کھلاڑیوں کو سپورٹس کی جدید اور عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے خطیر رقم مختص کررکھی ہے، کھلاڑیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کو سہولتوں اور آلات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔اجلاس میں سابق کرکٹر انتخاب عالم نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے سپورٹس کے فروغ کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کھلاڑیوں کو جس طرح سپورٹس کی اعلیٰ سہولتیں فراہم کررہی ہے ایسا ماضی میں بہت کم ہوا ہے، ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ جدید سہولتوں کی فراہمی سے نوجوان مزید محنت کریں اور سپورٹس کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔