اقبال قاسم بیٹسمینوں کی تکنیک بہتر بنانے میں مصروف

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے ملکی بیٹسمینوں کی تکنیک کو بہتر بنانے کیلئے کراچی میں پی سی بی ہائی پرفارمنس سنٹر کو ملک کا سب سے بڑا اور اہم ترین مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب پی سی بی نے غیر ملکی دوروں کیلئے بیٹسمینوں کی تکنیک بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پی سی بی ہائی پرفارمنس سنٹر کے سربراہ کی حیثیت سے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ اس سنٹر پر 23 وکٹیں تیار کی گئی ہیں جس میں سیمنٹ اور ماربل ٹریک بھی شامل ہے اور ان سہولیات کی فراہمی کا اصل مقصد یہ ہے کہ بیٹسمینوں کے پاس اپنی ناکامی کا کوئی بہانہ باقی نہ بچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماربل ٹریک پر گیند زیادہ سپیڈ اور باؤنس کے ساتھ آتی ہے لہٰذا نیشنل سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے پہلے مرحلے میں اس کی تعمیر ممکن بنائی گئی ہے۔اقبال قاسم نے بتایا کہ ماربل سلیب پر پریکٹس سے موجودہ بیٹسمینوں کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں تیز وکٹوں پر اپنا فٹ ورک بہتر بنانے میں مدد مل سکے گی۔ ہائی پرفارمنس سنٹر کے سربراہ کے مطابق پی سی بی کی خواہش ہے کہ ملک میں ہر قسم کے ٹریکس دستیاب ہوں تاکہ غیر ملکی دوروں کیلئے مناسب تیاری ممکن ہوسکے۔ اقبال قاسم نے مزید بتایا کہ ان کی جانب سے کام مکمل ہے لیکن قدرتی طور پر ان وکٹوں کی تیاری میں مزید دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے۔

تعارف: newseditor