اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاک فوج کی جانب سے بھی پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن اور اس میں حصہ لینے والی ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’پی ایس ایل 3 میں شامل ٹیموں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار، کراچی میں پی ایس ایل 3 کے پرجوش فائنل کا انتظار ہے‘‘۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن آج سے دبئی میں شروع ہورہا ہے، رات 8 بجے ایونٹ کی افتتاحی تقریب شروع ہوگی جبکہ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور نئی فرنچائز ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کے ایلیمینیٹر میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں ہوں گے جبکہ فائنل میچ 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیدیم میں منعقد ہوگا۔