لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو4 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان کی جانب سے پہلی وکٹ محمد نواز نے حاصل کی جنہوں نے ایک خوبصورت گیند کے ساتھ جنوبی افریقہ کے دھواں دار بلے باز ہینڈرکس کو کلین بولڈ کیا ۔
جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ بھی محمد نواز کے نام ہی رہی جب بابراعظم نے محمد نواز کی گیند پر سمٹس کا کیچ پکڑا ۔تیسری وکٹ حسن علی کے نام رہی جنہوں نے پروٹیز بلے باز وین بل جون سے لگاتار تین گیندوں پر تین چوکے کھائے اور چوتھی گیند پر وکٹ لے کر پرجوش انداز میں جشن منایا ۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے زاہد محمود نے انٹر نیشنل کرکٹ میں قدم رکھتے ہی بڑی کامیابی حاصل کرلی اور پہلے ہی اوور میں لگاتار دو وکٹیں حاصل کر لیں ،زاہد محمود نے جانےمن ملان کو آوٹ کیا جنہوں 27رنز بنائے اور اگلی ہی گیند پر کلاسن کو آوٹ کردیا جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے ،عثمان قادر نے پھیلکویو کو آوٹ کیا جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے،پریٹوریئس 9 رنز بنا کا زاہد محمود کا تیسرا شکار بنے،فورچیون 10 رنز سکور کرکے حسن علی کے یارکر پر کلین بولڈ ہوگئے۔
دوسرے اینڈ پر موجود جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ ملر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر ٹیم کا ٹوٹل 164 رنز تک پہنچا دیا۔ ملر نے 45 گیندوں پر 5 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، انھوں نے فہیم اشرف کے آخری اوور میں 25 رنز بٹورے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمد نے 3 جبکہ عثمان قادر اور محمد نواز کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے 165رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم نے بلے بازی کا آغاز کیا تو تبریز شمسی نے پہلی وکٹ حاصل کی اور حیدر علی کو 15سکور پر کلین بولڈ کیا ۔شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان بھی 42 سکور بنا کر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے تیسری وکٹ بھی تبریز شمسی کے نام رہی جنہوں نے حسین طلعت کو صرف 5 سکور پر پویلین کی راہ دکھائی ۔
کپتان بابر اعظم 44رنز بنا کر پرٹوریس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔آصف علی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 7 رنز بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور چار اوورز میں 25سکور دے کر چار وکٹیں حاصل کیں ۔ ،کپتان بابراعظم نے انتہائی ناقص کپتانی کا مظاہرہ کیا اور محمد نواز کے بقیہ 2 اور عثمان قادر کا ایک اوور نہیں کروایا۔
۔ واضح رہے کہ پاکستانی سکواڈ میں تیسرے ٹی 20 مقابلے کے لیے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ آج کھیلے جانے والے میچ میں قومی سکواڈ سے خوش دل شاہ، افتخار احمد اور حارث رؤف کو ڈراپ کردیا گیا ہے جب کہ قومی ٹیم میں حسن علی، زاہد محمود اور آصف علی کو شامل کیا گیا ہے۔ کھیل کے آغاز سے قبل وقار یونس نے زاہد محمود کو ٹی 20 کیپ دی۔ واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں 1-1 میچ سے برابر ہے ۔