قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کے 40بہترین کھلاڑیوں کو ماہر کوچز تربیت دینگے، ڈی جی سپورٹس پنجاب


لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام حال ہی میں ہونے والی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پنجاب میں ہاکی کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، چیمپئن شپ سے سامنے آنے والے ٹیلنٹ کوضائع نہیں ہونے دیں گے

40 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے جن کو ایک ماہ کی تربیت دی جائے گی، یہ بات انہوں نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزیدکہا ہے کہ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ میں پنجاب بھر سے ہاکی کے کھلاڑیوں کو بھرپور موقع فراہم کیا گیا،کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ، کھلاڑیوں کے کھیل کو مانیٹر کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے ، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ ہاکی کو فروغ دینے میں اولیت دی ہے، چیمپئن شپ بھی اسی سلسلہ کی کڑی تھی، ایک ماہ کے تربیتی کیمپ میں 40 منتخب کردہ کھلاڑیوں کو ماہر کوچز اور ٹرینرز تربیت دیں گے، ایک ماہ کی تربیت کے بعد 25 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے اور ان کومزید تربیت دے کر قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لئے تیار کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے بغیر ہاکی کو فروغ نہیں دیا جاسکتا ، اسی لئے چیمپئن شپ میں لاکھوں روپے کے انعامات دیئے گئے ہیں، ایسے ایونٹس مسلسل کراتے رہیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ٹیلنٹ سامنے آئے، ہاکی کے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات اور تربیت دیں گے تاکہ پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلے۔

تعارف: newseditor