راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)پی سی بی انڈر 16 نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ کےچوتھے راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب ، ناردرن اور خیبرپختونخوا نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 244 رنز کا مطلوبہ ہدف 44.2 اوورز میں5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عبید شاہ نے ایونٹ کی دوسری سنچری بنائی۔ وہ 109 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 99 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل بلوچستان کی پوری ٹیم44.2 اوورز میں 243 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔عبدالصبور نے 18 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 95 گیندوں پر 121 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ابتسام الرحمٰن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ایوب پارک کرکٹ گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نےسندھ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ ناردرن نے 99رنز کا مطلوبہ ہدف محض 18.2 اوورز میں2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شمائل حسین 39 اور عامر حسین 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اس سے قبل سندھ کی پوری ٹیم 26 اوورز میں 98 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔اوپنر سعد بیگ 27 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے تھے۔احسان اللہ نے 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
راول کرکٹ گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 76 رنز سے ہرادیا۔150 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 31.4 اوورز میں 73 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ احمد حسین نے 13 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اوپنرز مہیر سعید اور عرفات احمد 18، 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس سے قبل کے پی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43.1اوورز میں 149 رنز بنائے تھے۔ شاہ زیب خان 38 اور احمد حسین 24 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے تھے۔ عرفات احمد نے 13 رنز کے عوض 5 جبکہ مستقیم فیصل نے 16 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔